26 C
Islamabad
منگل, اپریل 22, 2025
ہومعلاقائی خبریںپاکستان کبڈی فیڈریشن کے زیر اہتمام سرسبز تین ملکی بابا گرونانک انٹرنیشنل...

پاکستان کبڈی فیڈریشن کے زیر اہتمام سرسبز تین ملکی بابا گرونانک انٹرنیشنل کبڈی کپ کا آغاز

- Advertisement -

لاہور۔16اپریل (اے پی پی):پاکستان کبڈی فیڈریشن کے زیر اہتمام سرسبز تین ملکی’’بابا گرونانک انٹرنیشنل کبڈی کپ‘‘کا آغاز لاہور کے واپڈا سپورٹس کمپلیکس میں ہوگیا۔ تین روزہ ایونٹ میں پاکستان، بھارت اور ایران کی ٹیمیں بھرپور جوش و خروش کے ساتھ شریک ہیں۔ افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان ملک فیصل ایوب کھوکھر تھے جو ایران اور بھارت کے درمیان کھیلے جانے والے افتتاحی میچ سے لطف اندوز ہوئے۔اس موقع پر اپنے خطاب میں صوبائی وزیر نے کبڈی کو پنجاب اور پاکستان کی ثقافتی پہچان قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے بین الاقوامی مقابلے نہ صرف نوجوانوں میں کھیلوں کا جذبہ بیدار کرتے ہیں بلکہ علاقائی ہم آہنگی اور دوستی کو بھی فروغ دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کبڈی پنجاب کا روایتی اور عوامی سطح پر بے حد مقبول کھیل ہے جس کے فروغ کے لیے حکومت عملی اقدامات کر رہی ہے، یہ بات ہم سب کے لیے باعث فخر ہے کہ اسپورٹس ڈیپارٹمنٹ نے پاکستان کبڈی فیڈریشن کے ساتھ مل کر کبڈی ورلڈ کپ کا انعقاد کروایا تھا اور اس میں پاکستان کی ٹیم نے ورلڈ کپ جیتا،ہم آج بھی کبڈی ورلڈ کپ کروانے کیلئے تیار ہیں۔ملک فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ نوجوان نسل کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کے لیے کبڈی جیسے ٹورنامنٹس کا انعقاد وقت کی اہم ضرورت ہے،کبڈی کے کھلاڑیوں کو انڈوومنٹ فنڈ میں لاکر جیتنے والے کھلاڑیوں کو وظیفے دئیے جائیں گے۔

- Advertisement -

انہوں نے اعلان کیا کہ کبڈی کے مزید قومی و بین الاقوامی مقابلے کروائے جائیں گے تاکہ اس کھیل کو عالمی سطح پر پہچان مل سکے۔صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ پنجاب کے عوام احتجاج، دھرنوں اور انتشار کی سیاست سے تنگ آ چکے تھے، اب صوبے میں کھیلوں اور ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ سے ایک خوشگوار تبدیلی محسوس کی جا رہی ہے، ایسے ایونٹس نہ صرف کھیلوں کے فروغ کا ذریعہ بنتے ہیں بلکہ سیاحت اور ثقافت کو بھی پروان چڑھاتے ہیں۔انہوں نے تینوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ

یہ صرف ایک کبڈی ٹورنامنٹ نہیں بلکہ پاکستان ، بھارت اور ایران کے مابین دوستی، بھائی چارے اور امن کو فروغ دینے کی جانب ایک مثبت قدم ہے۔پاکستان کبڈی فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل رانا محمد سرور نے کہا کہ کبڈی ٹورنامنٹ کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لیے تمام تر انتظامات مکمل ہیں۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=583109

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں