پاکستان کے سیلاب متاثرین کی بحالی کےلئے جنیوا میں بین الاقوامی کانفرنس آج (پیر کو )ہوگی

76

جنیوا۔9جنوری (اے پی پی): پاکستان کے سیلاب متاثرین کی بحالی کےلئے جنیوا، سویٹزرلینڈ میں اہم ترین بین الاقوامی کانفرنس آج (پیر کو )ہوگی ۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق کانفرنس کے مختلف سیشن ہوں گے، پارٹنرز کی طرف سے امداد کے اعلانات ہوں گے کانفرنس "موسمیاتی تبدیلیوں کے مقابلے کی صلاحیت رکھنے والا پاکستان” کے عنوان سے ہو رہی ہے ۔ کانفرنس کا آغاز سیلاب سے بحالی کے لئے پاکستان کو وسائل کی فراہمی کی نشست سے ہوگا ۔ پاکستان میں سیلاب کی تباہی، نقصانات، امداد اور بحالی سے متعلق خصوصی وڈیو بھی کانفرنس میں دکھائی جائے گی ۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کانفرنس کے شرکا کا شکریہ ادا کریں گے ۔ پاکستان میں اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر جولین ہارنیس تقریب کو کنڈکٹ کریں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف اپنے خطاب میں کانفرس کو سیلاب سے ہونے والی تباہی، بحالی کے لائحہ عمل سے متعلق آگاہ کریں گے ۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹیرس، فرانس کے صدر ایمانیول میکرون، ترکی کے صدر رجب طیب اردوان کانفرنس سے خطاب کریں گے۔ ناروے کے وزیراعظم جوناس گار سٹور اور یورپی کمیشن کی صدر ارسلا وون ڈیر لیین کانفرنس سے وڈیو خطاب کریں گی ۔ سویٹزرلینڈ کے فیڈرل قونصلر اور خارجہ امور کے فیڈرل ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ اگنازیو کیسس کانفرنس سے خطاب کریں گے۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور وزیراعظم شہباز شریف مشترکہ پریس کانفرنس کریں گے ۔ کانفرنس کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کی مختلف ممالک کے رہنماؤں اور اہم شخصیات سے ملاقاتیں ہوں گی ۔ سویٹزرلینڈ کے فیڈرل قونصلر اگنازیو کیسس، برطانیہ کے سٹیٹ منسٹر برائے ترقی اینڈریو مچل، ازبکستان کے وزیر خارجہ بختیار ساجدوف وزیراعظم شہباز شریف سے دوطرفہ ملاقاتیں کریں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف سے چائنا انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی کے چیئرمین لو زائو ہوئی اور اسلامی ڈویلپمنٹ بینک کے صدر ڈاکٹر محمد الجاسر بھی ملاقات کریں گے ۔ بین الاقوامی ترقی کے امریکی ادارے (یوایس ایڈ) کی ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر ایزابیل کولمین وزیراعظم سے ملاقات کریں گی ۔ورلڈ بینک ایشیا ریجن کے نائب صدر مارٹن ریزر بھی وزیراعظم سے ملاقات کریں گے۔