راولپنڈی ۔ ۔22اگست (اے پی پی):پاک فوج کے ایس ایس جی کمانڈوز نے کمال مہارت سے انتہائی مشکل آپریشن کے بعد بٹگرام میں 600فٹ بلندی پر چیئر لفٹ میں پھنسے ہوئے تمام اساتذہ اور طلباء کو بحفاظت نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کر دیا ہے ، پاک فوج کے ایس ایس جی دستوں ، آرمی ایوی ایشن ، پاکستان ائیر فورس کے ہیلی کاپٹرز نے ریسکیو آپریشن میں حصہ لیا ، یہ اعصاب شکن آپریشن کئی گھنٹوں پر محیط رہا ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بٹگرام میں چیئر لفٹ درمیان میں پھنس جانے کی اطلاع ملتے ہی پاک فوج کا پہلا ہیلی کاپٹر روانہ کر دیا گیا ۔ سلنگ آپریشن کے لئے ہیلی کاپٹر نے ریکی کی کیونکہ چیئر لفٹ کی تین میں سے دو تاریں ٹوٹ چکی تھیں اور ہیلی کاپٹر سے پیدا ہونے والے ہوائی پریشر سے اکیلی بچ جانے والی تار بھی ٹوٹ سکتی تھی اس لئے ہیلی کاپٹر سے ریسکیو آپریشن کو انتہائی محتاط انداز میں کئے جانے کی کوشش کی گئی ۔
یہ ایک انتہائی رسکی آپریشن تھا کیونکہ لفٹ تھوڑا سے غیر متوازن ہونے اور ہیلی کاپٹر کے ہوائی پریشر سے ٹوٹ سکتی تھی اِس لئے انتہائی احتیاط سے حالات کا جائزہ لیا گیا ۔ معاملے کی سنگینی کو مد نظر رکھتے ہوئے پاک آرمی کے سپیشل سروسز گروپ ( ایس ایس جی) کی سلنگ آپریشن میں ماہر ٹیم بھی بٹگرام پہنچ گئی اور باقاعدہ ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا ۔عسکری حکام نے پھنسے ہوئے افراد کے اہلخانہ اور عوام الناس کو واضح پیغام دیا کہ پاک فوج ریسکیو آپریشن کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔
آپریشن کے دوران جیسے ہی ہیلی کاپٹر لفٹ کے قریب پہنچا تو ڈولی نے ہلنا شروع کر دیا جس سے ڈولی غیر متوازن ہونے کا خدشہ بڑھتا گیا اس کے بعد ریسکیو آپریشن کی باقی آپشنز جس میں ایس ایس جی ٹیم کا سلنگ آپریشن، روپ لیڈر وغیرہ کے استعمال پر غور کیا گیا ۔ یہ ایک انتہائی رسکی آپریشن تھا جس میں پاک آرمی کے ٹروپس نے مکمل جان فشانی سے حصہ لیا ۔ریسکیو آپریشن میں پاک آرمی کے ایس ایس جی دستوں کے ساتھ ساتھ، پاک آرمی ایوی ایشن اور پاکستان ائیر فورس کے ہیلی کاپٹر ز نےبھی حصہ لیا ۔
بٹگرام میں چیئر لفٹ کا ریسکیو آپریشن انتہائی مشکل اور کھٹن تھا کیونکہ ڈولی صرف ایک رسی سے لٹکی ہوئی تھی اور ہوا بھی تیز چل رہی تھی ۔ رات کے اندھرے میں پھنسے ہوئے افراد کی مشکلات میں مزید اضافے کو مد نظر رکھتے ہوئے تمام مصائب کے باوجود پاک آرمی پھنسے ہُوئے افراد کو ریسکیو کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش جاری رکھی ۔جی او سی ایس ایس جی آرمی ایو ی ایشن اور ایس ایس جی کے ریسکیو آپریشن کی نگرانی کے لئے بٹگرام پہنچے ۔پاک آرمی نے لفٹ میں پھنسے ہُوئے افراد کے لئے آپریشن کو تیز کرتے ہوئے ہیلی کاپٹر ریسکیو آپریشن رات اور موسم کے باعث منقطع کر دیا۔متبادل طریقوں سے پاکستان آرمی کا ریسکیو آپریشن کا آغاز کیا گیا ۔ایک اور چھوٹی ڈولی کو اسی تار پر ڈال کر متاثرہ ڈولی کے قریب لایا گیاجس سے ایک ایک کر کے سب کو ریسکیو کر لیا گیا ۔آئی ایس پی آر کے مطابق چیئرلفٹ میں پھنسے تمام افراد کو بحفاظت سے نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا۔
پاک فوج کے سپیشل سروسز گروپ کی سلنگ ٹیم، پاک فضائیہ، لوکل انتظامیہ، اور کیبل ایکسپرٹس کی مدد سے پاکستانی تاریخ کے اس منفردآپریشن کو سرانجام دیکر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔افواجِ پاکستان نے ہمیشہ ہر مشکل وقت میں عوام کی آواز پر لبیک کہا ہے اور مشکل کی ہر گھڑی میں عوام کے ساتھ کھڑی رہی ہیں اور رہیں گی۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مقامی انتظامیہ نے بھی اس آپریشن میں معاونت کی ہے۔