پوپ فرانسس مشرق وسطیٰ میں جنگ روکنے کے لیے اثر و رسوخ استعمال کریں، ایران

98

تہران۔21نومبر (اے پی پی):ایران نے مشرق وسطیٰ میں جنگ رکوانے کے لیے پوپ فرانسس سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس سلسلے میں اپنا اثر و رسوخ استعمال کریں، یہ مطالبہ ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے گزشتہ روز کیا۔

العربیہ اردو کے مطابق مسعود پزشکیان نے کہا کہ پوپ فرانسس مشرق وسطیٰ میں جنگ رکوانے کے لیے دنیا میں مسیحوں کے ملکوں اور حکومتوں پر اثر انداز ہوں اور انہیں کہیں کہ جنگ روکنے میں کردار ادا کریں۔

ایرانی صدر نے کہا کہ یورپی ممالک کے رہنماؤں اور خصوصا ان کی مسیحی حکومتوں کو چاہیے کہ وہ اسرائیلی رجیم کی مجرمانہ جارحیت کو روکنے میں اپنا کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ میں پوپ فرانسس سے کہوں گا کہ وہ انہیں اس جانب متوجہ اور قائل کریں۔ ایرانی ویب سائٹ کے مطابق صدر کا یہ پیغام پوپ فرانسس کو ایک وفد کے ذریعے بھجوایا گیا ، یہ وفد مذہبی مکالمے میں شرکت کے لیے ویٹی کن میں ہے۔ صدر پزشکیان نے کہا ایران ویٹی کن کے ساتھ مل کر امن اور انصاف کے لیے کام کرنے کو تیار ہے۔ واضح رہے پوپ فرانسس دنیا کے ایک ارب چالیس کروڑ کیتھولک مسیحوں کے مذہبی پیشوا ہیں۔