امریکی سینیٹ میں اسرائیل کو ہتھیاروں کی فروخت روکنے کا بل بھاری اکثریت سے مسترد

واشنگٹن۔21نومبر (اے پی پی):امریکی سینیٹ نے اسرائیل کو ہتھیاروں کی فروخت روکنے کا بل مسترد کر دیا ہے ،یہ بل غزہ میں فلسطینیوں کو درپیش انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تشویش کے باعث متعارف کرایا گیا تھا۔ اردو نیوز اور نیویارک ٹائمز کے مطابق گزشتہ روز سینیٹر برنی سینڈرز کی جانب سے 3 قراردادیں پیش کی گئی۔ پہلی قرار داد میں اسرائیل کو امریکا کی طرف سے ٹینکوں کے …

واشنگٹن۔21نومبر (اے پی پی):امریکی سینیٹ نے اسرائیل کو ہتھیاروں کی فروخت روکنے کا بل مسترد کر دیا ہے ،یہ بل غزہ میں فلسطینیوں کو درپیش انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تشویش کے باعث متعارف کرایا گیا تھا۔

اردو نیوز اور نیویارک ٹائمز کے مطابق گزشتہ روز سینیٹر برنی سینڈرز کی جانب سے 3 قراردادیں پیش کی گئی۔

پہلی قرار داد میں اسرائیل کو امریکا کی طرف سے ٹینکوں کے گولوں کی فراہمی بند کرنے کا مطالبہ کیا گیا جس کی مخالفت میں 79 اور حمایت میں صرف 18 ووٹ پڑے ۔

دوسری قرارداد میں اسرائیل کو مارٹر گولوں کی فراہمی روکنے کا مطالبہ کیا گیا تھا ،اس قرارداد کی مخالفت میں 78 اور حمایت میں 19 ووٹ پڑے۔ جوائنٹ ڈائریکٹ اٹیک میونیشن (جے ڈی اے ایمز )یعنی عام بموں کو براہ راست حملہ کے لئے استعمال ہو نے والے گولہ بارود میں تبدیل کرنے والی کٹس کی اسرائیل کو فراہمی روکنے کی قرارداد کی مخالفت میں 80 اور حمایت میں 17 ووٹ پڑے اس طرح یہ قرار داد بھی منظور نہ ہو سکی۔

ان قراردادوں کے حق میں تمام ووٹ ڈیمو کریٹک کاکس کی طرف سے آئے ۔ سینیٹر برنی سینڈرز نے کہا کہ اسرائیل کو فوجی امداد کی فراہمی انسانی حقوق کی خلاف ورزی کرنے والوں کو ہتھیاروں کی فروخت پر پابندی کے امریکی قانون کی خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے ووٹنگ سے قبل ایک نیوز کانفرنس میں کہا تھا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ امریکا کی حکومت کو اولین ترجحیح کے طور پر اس قانون کی پابندی کرنی چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ دوسرے نمبر پر اخلاقی نقطہ نظر سے بھی یہ بات حیرت انگیز ہے کہ اسرائیل کو اسلحہ اور گولہ بارود فراہم کرکے امریکا غزہ میں ہزاروں بچوں کی بھوک اور غذائی قلّت میں ملوث ہے۔

واضح رہے کہ غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے باعث 23 لاکھ افراد کی زیادہ تر آبادی بے گھر ہو چکی ہے اور محصور علاقہ قحط کے خطرے سے دوچار ہے۔ غزہ کے محکمہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی جارحیتکے نتیجے میں غز ہ میں گزشہ اکتوبر سے اب تک 43 ہزار 922 سےزیادہ فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔

مزید خبریں