معیاری صحت کی سہولیات تک رسائی بڑھانے اور سرکاری نظامِ صحت پر دباؤ کم کرنے میں نجی اداروں کا کردار اہم ہے،وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب
معیاری صحت کی سہولیات تک رسائی بڑھانے اور سرکاری نظامِ صحت پر دباؤ کم کرنے میں نجی اداروں کا کردار اہم ہے،وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب

مزید خبریں
کراچی۔29اگست (اے پی پی):وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ معیاری صحت کی سہولیات تک رسائی بڑھانے اور سرکاری نظامِ صحت پر دباؤ کم کرنے میں نجی اداروں کا کردار اہم ہے،پاکستان میں صحت کی سہولیات تک رسائی بہتر بنانے اور معاشرتی فلاح کے لیے بوہری برادری کی مسلسل کاوشیں قابلِ تحسین ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کوسیفی ہسپتال کے کارڈیک ونگ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی نارتھ ناظم آباد، کراچی میں سیفی ہسپتال کے کارڈیک ونگ کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئےوزیر خزانہ نے کہا کہ صحت کے شعبے میں سرمایہ کاری پاکستان کے مستقبل میں سرمایہ کاری ہے،سیفی ہسپتال کا نیا کارڈیک ونگ کراچی کے عوام کو بروقت اور عالمی معیار کی امراضِ قلب کی طبی سہولیات کی فراہمی کی جانب اہم قدم ہے،نئے کارڈیک ونگ میں جدید کیتھیٹرائزیشن لیبز سمیت اعلیٰ معیار کی تشخیصی و طبی سہولیات موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہسپتال صرف عمارت اور طبی آلات کا نام نہیں، ڈاکٹروں، نرسوں اور معاون عملے کی مہارت، لگن اور ہمدردی ہی اصل فرق پیدا کرتی ہے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ معیاری صحت کی سہولیات تک رسائی بڑھانے اور سرکاری نظامِ صحت پر دباؤ کم کرنے میں نجی اداروں کا کردار اہم ہے،کمیونٹی اقدامات اور عالمی معیار کی طبی مہارت کا امتزاج پاکستان کے شعبۂ صحت کے لیے ایک اہم ماڈل ہے۔وزیر خزانہ نے بوہری برادری کی دیرینہ سماجی خدمات اور عوامی فلاح میں نمایاں کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں صحت کی سہولیات تک رسائی بہتر بنانے اور معاشرتی فلاح کے لیے بوہری برادری کی مسلسل کاوشیں قابلِ تحسین ہیں۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ صحت کو محض سماجی اخراجات کے بجائے پاکستان کے سب سے قیمتی قومی اثاثے، یعنی عوام، میں سرمایہ کاری سمجھنا چاہیے،صحت مند آبادی زیادہ پیداواری صلاحیت، مضبوط انسانی سرمایہ اور بہتر معاشی لچک کا باعث بنتی ہے،انسانیت کی خدمت اور اجتماعی کاوشوں پر مبنی اقدامات معاشرے پر دیرپا اثرات مرتب کر سکتے ہیں۔
وزیر خزانہ نے کارڈیک ونگ کے قیام میں تعاون کرنے والی کمیونٹی، ہسپتال انتظامیہ، طبی ماہرین اور تمام متعلقہ افراد کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ امید ہے سیفی ہسپتال کا کارڈیک ونگ کراچی میں مرکزِ امتیاز بنے گا اور ملک بھر کے دیگر اداروں کے لیے مثال قائم کرے گا۔







