پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) نے تیس سال میں وہ کام نہیں کیے جو تحریک انصاف نے عمران خان کی قیادت میں تین سال میں کیے ،پی ٹی آئی راہنما سینیٹر فیصل جاوید کی صحافیوں سے گفتگو

86
پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) نے تیس سال میں وہ کام نہیں کیے جو تحریک انصاف نے عمران خان کی قیادت میں تین سال میں کیے ،پی ٹی آئی راہنما سینیٹر فیصل جاوید کی صحافیوں سے گفتگو

اسلام آباد۔6اپریل (اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف کے راہنما سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ میں ایک اہم کیس کی سماعت جاری ہے ،یہ کیس پاکستان کی خود مختاری کا کیس ہے ،یہ کیس پاکستان کی آزاد خارجہ پالیسی کا کیس ہے ، عمران خان نے سب کو بتا دیا کہ انہوں نے غلامانہ زندگی نہیں گزارنی ،ان قوموں کی قدر ہوتی ہے جو اپنے پاوں پر کھڑی ہوتی ہیں ،کسی بھی ملک کے ساتھ تعلقات خراب نہیں کرنا چاہتے ، دنیا میں عمران خان امن کے سفیر ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں سپریم کورٹ کے باہر صحافیوں سے گفتگو میں کیا ۔ سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ 2018 تک پاکستانیوں کو غلامانہ زہنیت میں رکھا گیا،چار سو ڈرون حملے ہوئے لیکن کسی نے آواز نہیں اٹھائی،دنیا ان قوموں کی عزت نہیں کرتی ہے جو ڈو مور کے مطالبے پورے کرتے ہیں، دنیا ان کی عزت کرتی ہے جو قومیں اپنے پیروں پر کھڑی ہوں،عمران خان خان پاکستانی قوم کو اپنے پیروں پر کھڑا کرنا چاہتے ہیں ،

پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) نے تیس سال میں وہ کام نہیں کیے جو تحریک انصاف نے عمران خان کی قیادت میں تین سال میں کیے ۔ انہوں نے کہا پی ٹی آئی آئندہ الیکشن بھاری اکثریت سے جیتے گی ،ہمارے پاس برآمدات کا کارڈ ہے ،بلین ٹری سونامی کارڈ ہے ،ہیلتھ کارڈ اور کورونا کو کنٹرول کرنے کا کارڈ ہے،عمران خان نے بطور وزیراعظم مسلسل کام کیا صرف پانچ دن کی چھٹی کی ،عمران خان کا جینا مرنا پاکستان میں ہے ،

عمران خان نے خود مختاری کا وعدہ کیا اور پورا کیا، عمران خان تین ماہ بعد پھر وزیراعظم بنیں گے اور دوبارہ کام کریں گے ،عمران خان اس ملک کو پاؤں پر کھڑا کریں گے۔

سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ امریکا نے خود درخواست کی تھی کہ عمران خان امریکا اور افغانستان کے مابین ثالثی کا کردار ادا کریں، ہماری افواج، ہماری حکومت اور ہمارے میڈیا نے افغانستان کے معاملہ پر بھرپور کردار ادا کیا،پوری دنیا نے مانا کہ عمران خان ٹھیک کہتے تھے،دوحہ ڈائیلاگ میں پاکستان نے ثالثی کا کردار ادا کیا،

یوکرین کے صدر نے عمران خان کو کال کی کہ روس اور یوکرین کے درمیان جنگ بندی کے لیے ثالثی کا کردار ادا کریں،دنیا میں عمران خان امن کے سفیر ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے قوم کو بھکاری کہا،عمران خان کہتے ہیں کہ پاکستانی ایک عظیم قوم ہیں ، شہباز شریف صاحب قوم نہیں بھکاری آپ خود ہیں۔

انہوں نے کہا اگر تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوتی تو سب سے پہلے اپوزیشن والے الیکٹورل سسٹم اور ووٹنگ مشین ختم کرتے، آئندہ الیکشن میں ووٹر الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے سامنے کھڑا ہوگا،ایک کانپیں ٹانگنے کا نشان ہوگا اور ایک بلے کا نشان ہوگا،قوم نے فیصلہ کرنا ہے کہ کہاں ووٹ کرنا ہے، ہم کہتے ہیں ووٹرز ہمارے تین سالوں کا موازنہ ان کے تیس سالوں سے کر لیں۔

علیم خان کے الزامات سے متعلق ایک سوال کے جواب میں سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ اپنے لوگ غیر ہوکر الزام لگا رہے ہیں ، جھوٹی باتیں بنانے والوں کو شرم آنی چاہیے،

فرح گجر کے تانے بانے بنانے والوں کو شرم آنی چاہیے ، جب یہ لوگ عمران خان پر کرپشن کا کوئی الزام ثابت نہیں کر سکے تو اب انہوں نے ذاتی حملے شروع کر دئیے ہیں ،عمران خان کی اہلیہ پر یہ لوگ الزام لگاتے ہیں وہ تو گھریلو خاتون ہیں ان کا سیاست سے کوئی لینا دینا نہیں ،

ان کے پاس عمران خان اور ان کی فیملی سے متعلق ایک چیز نہیں ،عمران خان نے کبھی ذاتی حملے نہیں کیے،عمران خان نے اپوزیشن والوں کی منی لانڈرنگ اور کرپشن سے متعلق بات کی،عمران خان ان کی طرح لندن نہیں چلے گئے ۔