لاڑکانہ۔ 15 اپریل (اے پی پی):سابق صوبائی وزیر داخلہ سندھ ایم پی اے سہیل انور سیال کے بھائی اور پاکستان پیپلز پارٹی تحصیل باقرانی کے صدر طارق انور سیال نے اپنی لاڑکانہ کی رہائش گاہ سیال ہاؤس پر شہریوں کے مسائل کے حل کے لیے کھلی کچہری میں شرکت کی جہاں انہوں نے لاڑکانہ شہر اور تحصیل باقران کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کے مسائل سنے اور متعلقہ حکام کے ساتھ رابطہ کرکے مسائل حل کرنے کی ہدایت کی۔
اس موقع پر پی پی پی رہنما طارق انور سیال نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے منشور کے تحت عوام کے مسائل کے حل کے لیے روزانہ کی بنیاد پر سیال ہاؤس پر شہریوں کے مسائل سن کر ان کے حل کے لیے کوششیں کی جارہی ہیں تاکہ عوام کی مشکلات کم ہوں۔ انہوں نے کہا کہ کارکن پیپلز پارٹی کا اثاثہ ہیں، ہم ان کی ہر خوشی اور غم میں ساتھ کھڑے ہیں اور انہیں کبھی بھی تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=582429