لاہور۔25اپریل (اے پی پی):پی ڈی ایم اے پنجاب نے درجہ حرارت میں اضافہ اور ہیٹ ویو بارے الرٹ جاری کردیا۔ ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے صوبہ بھر کے کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کیں۔ ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاویدنے کہاکہ ضلعی انتظامیہ سمیت تمام متعلقہ محکمے متوقع ہیٹ ویو اور موسمی صورتحال کے پیش نظر الرٹ رہیں۔ پی ڈی ایم اے پنجاب نے محکمہ سکول ایجوکیشن، ہیلتھ، ٹرانسپورٹ، لوکل گورنمنٹ، ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ محکموں کو الرٹ جاری کر دیا۔ ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ کہ 26 اپریل سے 01 مئی تک پنجاب کے بڑے شہروں اور میدانی علاقوں میں درجہ حرارت بڑھنے کے خدشات ہیں۔ آئیندہ چند دنوں میں درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافے کا خدشہ ہے۔
یکم مئی تک درجہ حرارت 05 سے 07 ڈگری سینٹی گریڈ معمول سے زیادہ رہنے کا خدشہ ہے۔ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت کے مطابق ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔ انتظامیہ عوامی مقامات پر صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنائے۔ ہسپتالوں اور موبائل ہیلتھ یونٹس میں ہیٹ سٹروک سے متعلق ابتدائی طبی امداد کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ گرمی اور لو کی شدت میں اضافے سے عوام الناس کو بھی محتاط رہنا ہو گا۔ دوپہر کے وقت کام کرنے والے لو سے بچنے کا اہتمام کریں۔ ہلکے رنگ کے کپڑے پہنیں سر ڈھانپ کر رکھیں۔ بچوں بزرگوں کا خاص خیال رکھیں غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ پرنٹ سوشل و الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے شہریوں کو ہیٹ ویو بارے آگاہی دی جا رہی ہے۔ ایمرجنسی میں پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 یا ریسکیو 1122سے رابطہ کریں۔