اسلام آباد۔26جنوری (اے پی پی):چیئرمین ایف بی آر عاصم احمد نے ریونیو اکٹھا کرنے، سمگلنگ کی روک تھام، مقامی صنعت کے تحفظ اور قومی معیشت کی ترقی میں پاکستان کسٹمز کے کردار کو سراہا ہے ۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو کسٹم ہاؤس پشاور میں انٹرنیشنل کسٹمز ڈے2023 کے حوالے سے منعقدہ ایک پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں پاکستان کسٹمز کے اعلی ٰحکام کلیئرنگ ایجنٹس،تجارتی اداروں اور میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی ، دن کی کارروائی کا آغاز کسٹم ہاؤس پشاور میں یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھانے سے ہوا جس کے بعد گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے، مہمان خصوصی نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان کسٹمز قومی معیشت کی بہتری کے لیے کوششیں جاری رکھے گا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیف کلکٹر کسٹمز (کے پی) نے مختلف شعبوں میں پاکستان کسٹمز کی کامیابیوں اور کارکردگی پر روشنی ڈالی۔ مہمان خصوصی نے خیبر پختونخوا کسٹمز کی تمام فیلڈ فارمیشنز کے نمایاں افسران و اہلکاروں کو ان کی شاندار خدمات کے اعتراف میں سرٹیفیکیٹ آف میرٹ سے بھی نوازا۔
تقریب کے بعد چیئرمین نے مختلف چیمبرز کے نمائندوں اور مقامی تاجر برادری سے بات چیت کی اور انہیں ان کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے پشاور میں مقیم افغانستان اور ایران کے قونصلر جنرلز سے بھی بات چیت کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ باہمی تعاون سے علاقائی تجارت کو مزید آسان بنایا جائے گا۔ بعد ازاں چیئرمین نے ریجنل ٹیکس آفس پشاور کا دورہ کیا اور دفتر کی سینئر انتظامیہ کے ساتھ میٹنگ کی جہاں انہوں نے مقررہ اہداف کو مؤثر طریقے سے حاصل کرنے کے لیے ادارہ جاتی تعاون کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔