چیئرمین سینیٹ کی پنجگور میں سرحد پار سے پاکستانی سیکورٹی فورسز پردہشت گردوں کی فائرنگ کی مذمت

115
چیئرمین سینیٹ سے میر چنگیز خان جمالی کی ملاقات

اسلام آباد۔18جنوری (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے بلوچستان کے ضلع پنجگور کے چکاب سیکٹر میں سرحد پار سے پاکستانی سیکورٹی فورسز پردہشت گردوں کی جانب سے کی گئی فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجہ میں قیمتی جانی نقصان پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فوج اور سکیورٹی اداروں کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں بے مثال ہیں،پاک فوج دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کیلئے پرعزم ہے، بہادر جوانوں کی قربانیاں دہشت گردی کے خلاف جنگ کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

محمد صادق سنجرانی نے فائرنگ کے نتیجہ میں شہید ہونے والے سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سینیٹر مرزامحمد آفریدی نے بھی سیکورٹی فورسز پر دہشت گرد وں کی جانب سے فائرنگ کی شدید مذمت کی اور شہداء کے لئے بلند درجات کی دعا کی۔