وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا ضلع پنجگور، بلوچستان میں پاک ایران سرحد پر دہشت گردوں کی فائرنگ سے پاک فوج کے چار جوانوں کی شہادت پر اظہار افسوس

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب

اسلام آباد۔18جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے بلوچستان کے ضلع پنجگور میں پاک ایران سرحد پر دہشت گردوں کی فائرنگ سے پاک فوج کے چار جوانوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد عناصر پاکستان اور ایران کے درمیان تعلقات خراب کرنا چاہتے ہیں، ہمارے حوصلے مضبوط ہیں، ہماری سیکورٹی فورسز دہشت گردوں کو شکست دینے کے لئے پرعزم ہیں۔

بدھ کو اپنے بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات نے فائرنگ کے واقعہ میں شہید ہونے والے سپاہی اسد علی، لانس نائیک فرید اللہ خان، لانس نائیک عبدالرزاق اور لانس نائیک محمد یونس خان کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے فائرنگ کے واقعہ میں شہید اہلکاروں کے درجات کی بلندی اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔