وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان ریلوے کی آمدن 88 ارب روپے سے بڑھ کر 115 ارب روپے تک پہنچ چکی ہے جبکہ رواں مالی سال کے دوران آمدن کا ہدف 160 ارب روپے مقرر کیا گیا ہے، وزیراعظم کے وژن کے مطابق ریلوے میں اصلاحات، نجی شعبے کی شمولیت، جدید سہولیات کی فراہمی اور انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے اقدامات جاری ہیں جبکہ ادارے کے …
پاکستان ریلوے کی آمدن 88 ارب روپے سے بڑھ کر 115 ارب روپے تک پہنچ چکی ہے، حنیف عباسی

مزید خبریں
راولپنڈی۔9نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان ریلوے کی آمدن 88 ارب روپے سے بڑھ کر 115 ارب روپے تک پہنچ چکی ہے جبکہ رواں مالی سال کے دوران آمدن کا ہدف 160 ارب روپے مقرر کیا گیا ہے، وزیراعظم کے وژن کے مطابق ریلوے میں اصلاحات، نجی شعبے کی شمولیت، جدید سہولیات کی فراہمی اور انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے اقدامات جاری ہیں جبکہ ادارے کے انتظامی اور آپریشنل مسائل حل کرنے کے لیے 31 دسمبر کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی ہے۔
راولپنڈی ریلوے اسٹیشن پر عوام ایکسپریس کی نئی کوچز کی افتتاحی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ عوام ایکسپریس کی حالت بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے گئے ہیں اور اسے جدید سہولیات سے آراستہ کیا گیا ہے۔ نجی شعبے کے تعاون سے مزید ٹرینوں کو بھی مرحلہ وار اپ گریڈ کیا جائے گا جبکہ قراقرم اور ملت ایکسپریس میں سامنے آنے والے مسائل بھی حل کر لیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے نے تاریخ میں پہلی مرتبہ 100 ارب روپے سے زائد آمدن کا سنگ میل عبور کیا ہے۔ ریلوے کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے نجی شعبے کا تعاون حاصل کیا جا رہا ہے جبکہ مختلف ٹرینوں اور شعبوں کو آؤٹ سورس کرنے کا عمل بھی جاری ہے۔
حنیف عباسی نے کہا کہ ریلوے کے پرزوں کی چوری روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں، اس سلسلے میں ضروری پرزے درآمد کیے گئے ہیں اور ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ریلوے کی ورکشاپس کو بھی فعال بنایا جا رہا ہے جبکہ آئندہ مرحلے میں ورکشاپس کی بہتری پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ اس سلسلے میں این ایل سی بھی ریلوے کے ساتھ تعاون کر رہی ہے۔ وفاقی وزیر نے بتایا کہ ریلوے کے اسپتالوں کو آؤٹ سورس کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے تاہم ملازمین کو علاج معالجے کی مفت سہولت فراہم کی جائے گی۔ اسی طرح مسافروں کو بہتر سفری سہولیات، معیاری کھانے اور محفوظ ماحول کی فراہمی بھی ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریلوے کے 60 اسٹیشنوں پر مفت وائی فائی کی سہولت فراہم کی جا چکی ہے جبکہ تنخواہوں کی ادائیگی کا نظام بھی ڈیجیٹلائز کر دیا گیا ہے۔ وزیر اعظم کے شفافیت کے وژن کے مطابق تمام معاملات کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے اور ریلوے اسٹیشنوں کو محفوظ اور جدید بنانے کے لیے سیف اینڈ اسمارٹ اسٹیشن منصوبے پر کام جاری ہے۔ حنیف عباسی نے کہا کہ پنجاب حکومت کے تعاون سے لاہور اور راولپنڈی ریلوے اسٹیشنوں کو وکٹورین طرز تعمیر کے مطابق بہتر بنایا جائے گا۔ روہڑی ریلوے اسٹیشن کی بحالی کا کام بھی مکمل کیا گیا ہے جبکہ دیگر تاریخی ریلوے اسٹیشنوں کی تزئین و آرائش پر بھی توجہ دی جا رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ صوبائی حکومتوں کے تعاون سے بند برانچ ریلوے روٹس کو دوبارہ فعال بنانے کے منصوبے پر کام کیا جا رہا ہے۔ پنجاب اور خیبرپختونخوا حکومتوں کے ساتھ اس سلسلے میں معاہدے طے پا چکے ہیں جبکہ سندھ حکومت بھی اپنے برانچ روٹس بحال کرنا چاہے تو اسے سہولت فراہم کی جائے گی۔ منصوبے کے تحت رواں سال چار جبکہ آئندہ مالی سال مزید چار برانچ روٹس فعال کرنے کا ہدف ہے۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ مین لائن ون (ایم ایل ون) منصوبہ عالمی بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے مکمل کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔
ریلوے کے بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے مختلف منصوبوں پر پیش رفت جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے ایک قومی اثاثہ ہے اور اس کی حفاظت اور بہتری ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ ادارے میں شفافیت، ملازمین کی ذمہ داریوں اور مسافروں کو بہتر سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔







