33.2 C
Islamabad
منگل, اپریل 22, 2025
ہومعلاقائی خبریںچیف سیکرٹری خیبر پختونخوا شہاب علی شاہ کی زیر صدارت سکول داخلہ...

چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا شہاب علی شاہ کی زیر صدارت سکول داخلہ مہم 2025 کے حوالے سے اجلاس

- Advertisement -

پشاور۔ 22 اپریل (اے پی پی):چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا شہاب علی شاہ کی زیر صدارت سکول داخلہ مہم 2025 کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبہ بھر میں تعلیم سے محروم بچوں آوٹ آف سکول چلڈرن کی موجودہ صورتحال اور اُنہیں تعلیمی نظام میں شامل کرنے کیلئے اختیار کی گئی حکمت عملی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ اس وقت صوبہ بھر میں تقریباً 49 لاکھ بچے سکول سے باہر ہیں جبکہ 90 لاکھ بچے تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم ہیں۔

سپیشل سیکرٹری تعلیم نے بتایا کہ ضلعی تعلیمی آفیسرز ان علاقوں پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں، جہاں سکول سے باہر بچوں کی تعداد زیادہ ہے، گھر گھر جا کر بچوں کی داخلہ مہم بھرپور انداز میں جاری ہے، جس میں اساتذہ، مقامی عمائدین اور بااثر افراد کو شامل کیا گیا ہے،منتخب نمائندوں، نوجوان رضاکار، کمیونٹی عمائدین اور علمائے کرام کو بھی اس مہم کا حصہ بنایا جا رہا ہے تاکہ ہر سطح پر عوامی شمولیت کو یقینی بنایا جا سکے۔

- Advertisement -

چیف سیکرٹری نے اس موقع پر کہا کہ عوام کی شمولیت اور مسلسل آگہی اس مہم کی کامیابی کے لیے ناگزیر ہے، انہوں نے ضلعی تعلیمی آفیسرز اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ اعداد و شمار کی بروقت اوردرست فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ منصوبہ بندی اور فیصلہ سازی سائنسی بنیادوں پر ممکن ہو۔انہوں نے بتایا کہ اس موقع پر بتایا گیا کہ سکول چھوڑنے کی شرح کم کرنے کے لئے والدین و اساتذہ کونسلز کے موثر استعمال کو فروغ دیا جا رہا ہے۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ معیاری ابتدائی تعلیم حکومت کی اولین ترجیح ہے، جس کے لیے اساتذہ کی دستیابی اور مناسب انفراسٹرکچر ناگزیر ہے۔

انہوں نے ہدایت کی داخلہ اہداف کو ضلعی تعلیمی آفیسرز اور ہیڈ ماسٹرز کی کارکردگی سے منسلک کیا جارہا ہے تاکہ جوابدہی اور بہتر نتائج کو یقینی بنایا جا سکے۔اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم سیکرٹریز کمیٹی کی ہدایات کی روشنی میں ایجوکیشن سیکٹر کے لئے ایک جامع اصلاحاتی حکمت عملی مرتب کر رہا ہے،اس کے علاوہ تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ داخلہ مہم کے حوالے سے مقررہ اہداف کی روشنی میں ضلعی سطح پر پیش رفت کا باقاعدہ جائزہ لیں۔

چیف سیکرٹری نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ سکول انفراسٹرکچر کی ترقی کے لئے جدید اور کم لاگت حل تلاش کریں، سکول داخلہ مہم اور امتحانی نظام کی تنظیم نو حکومت کی تعلیمی اصلاحات کے اہم ستون ہیں، رواں سال 10 لاکھ سکول سے باہر بچوں کو داخل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے اور حکومت معیاری، سب کے لئے مساوی تعلیم یقینی بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔ یاد رہے خیبرپختونخوا میں تعلیم کارڈ شروع کرنےکا فیصلہ کر لیا گیا، والدین پر بوجھ کم کرنے کیلئے طلبہ کو مفت سکول بیگز وسٹیشنری فراہم کی جا رہی ہے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=585644

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں