چین نیشنل ہائی وے این فائیو کی مرمت کیلئے پاکستان کو 100 ملین ڈالرکی گرانٹ فراہم کرے گا

82

اسلام آباد۔31دسمبر (اے پی پی):چین نیشنل ہائی وے این فائیو کی مرمت کیلئے پاکستان کو 100 ملین ڈالرمالیت کی گرانٹ فراہم کرے گا۔ اس ضمن میں دونوں ممالک نے معاہدے پردستخط کردئیے۔چین میں پاکستان کے سفیر نونگ رونگ نے جمعرات کویہاں وفاقی وزیراقتصادی امورمخدوم خسروبختیارسے ملاقات کی،ملاقات میں پاک چین دوطرفہ تعلقات، سی پیک کے تحت مختلف منصوبوں اوردوطرفہ دلچسپی کے امورپرگفتگوہوئی۔مخدوم خسروبختیارنے گرانٹ معاونت کی فراہمی پرچین کی حکومت کاشکریہ اداکیا۔ انہوں نے سی پیک کے تحت سماجی واقتصادی ترقی وٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر پر دونوں ممالک کے مشترکہ ورکنگ گروپوں کی پیش رفت کی تعریف بھی کی۔وفاقی وزیرنے کہاکہ سماجی واقتصادی ترقی کے منصوبے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے معاشی وسماجی شعبہ کی ترقی کے وژن کے مطابق ہیں تاکہ عام آدمی کے معیارزندگی میں بہتری لائی جائے اورملک میں اقتصادی سرگرمیوں کوفروغ دیا جاسکے۔ملاقات میں چین کی حکومت کے مالی تعاون سے جاری منصوبوں کابھی جائزہ لیاگیا۔خسروبختیار نے کورونا وائرس کی عالمگیروبا اورٹڈی دل سے نمٹنے کیلئے چین کی معاونت کی بھی تعریف کی۔اس موقع پرقومی شاہراہ این فائیو کے مخصوص حصوں کی مرمت کیلئے لیٹرآف ایکسچینج پردستخط کئے گئے۔اس معاہدے کے تحت چین کی حکومت این فائیو کے 65 کلومیٹرحصہ (ہالہ سے مورو تک) کی مرمت کیلئے 100 ملین ڈالرکی معاونت فراہم کرے گا۔ اس منصوبہ سے بنیادی ڈھانچہ کی بہتری اورشمال جنوب رابطوں کو فروغ دینے میں مددملیگی۔ پاکستان میں چین کے سفیر نے اس موقع پربتایا کہ این فائیو اہم شاہراہے جو ملک کے جنوبی علاقوں کومغربی سرحدوں سے ملارہی ہے، اس شاہراہ پرگاڑیوں کی آمد ورفت بھی زیادہ ہے۔بدقسمتی سے 2010 کے سیلاب سے اس سڑک کوسخت نقصان پہنچا، پاکستان کی حکومت کی درخواست پرچین نے 2011 اور2016 میں این فائیو اوراین 55 کی مرمت میں معاونت فراہم کی تھی۔پاکستان اورچینی ورکروں کی مشترکہ کوششوں سے مرمت وبحالی کاکام 2016 کے وسط تک مکمل کیاگیا،انہوں نے بتایا کہ این فائیو کی اہمیت کے پیش نظرچین کی حکومت سابقہ دوطرفہ معاہدے کے تحت سڑک کے باقی ماندہ 66 کلومیٹرحصہ کی مرمت وبحالی کیلئے آمادہ ہوگئی ہے۔انہوں نے کہاکہ این فائیو روڈ کی مرمت وبحالی حالیہ برسوں میں چینی معاونت کے ساتھ کسی شاہراہ کی مرمت کابڑاپراجیکٹ ہے، اس سے ٹریفک کی استعدادمیں اضافہ ہوگا اورسفرکرنے والے شہریوں کوسہولت ملےگی،سڑک کی مرمت سے نہ صرف روزگارکے وسیع مواقع پیداہوں گے بلکہ اس سے ملک میں تعمیراتی میٹریل اورٹرانسپورٹ کے شعبہ کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔چینی سفیرنے کہاکہ چینی سفارت خانہ وزارت اقتصادی امور ودیگرمتعلقہ محکموں کے ساتھ مل کرمنصوبہ کوجلدازجلدپایہ تکمیل تک پہنچانے کو یقینی بنائیگا۔انہوں نے ایک چینی قول ”امیرہونے کیلئے پہلے سڑک بناو“ کا حوالہ دیا اورامیدظاہرکی اس منصوبہ سے پاکستان کے شہریوں کوبھرپورفائدہ ہوگا۔