ڈپٹی کمشنر بٹگرام کی زیر صدارت تحصیل آلائی میں کھلی کچہری کا انعقاد

79

بٹگرام۔ 14 نومبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر بٹگرام آصف علی خان کی زیر صدارت تحصیل آلائی میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔کھلی کچری میں مقامی لوگوں نے مختلف محکموں کے خلاف اپنی شکایات پیش کیں جن میں صفائی ستھرائی، نکاس آب، بجلی، واٹر سپلائی سکیموں، سڑکوں کی ابتر حالات، جنگلات، گلی کوچوں کی تعمیر و مرمت، سولر لائٹس اور ہسپتالوں سے متعلق مسائل شامل تھے۔

ڈپٹی کمشنر نے بعض مسائل کو موقع پر حل کرنے جبکہ باقی مسائل کو اسسٹنٹ کمشنر آلائی کو اپنی نگرانی میں متعلقہ محکموں کو جلد از جلد حل کرنے کے لئے ہدایات جاری کیں تاکہ عوامی شکایات کا ازالہ کیا جا سکے۔کھلی کچہری میں اسسٹنٹ کمشنر آلائی، ایس ڈی پی او، ٹی ایم او، تحصیلدار و ریونیو سٹاف سمیت محکمہ 1122، محکمہ تعلیم، ایریگیشن، محکمہ پولیس، محکمہ صحت، واپڈا، سوشل ویلفیئر، کمیونیکیشن اینڈ ورکس سمیت دیگر سرکاری محکموں کے افسران کے علاوہ عوام کی کثیر تعداد موجود تھی۔