ڈپٹی کمشنر جامشورو کی زیر صدارت جامشورو ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن ایپکس کمیٹی کا اجلاس

16

حیدرآباد۔ 17 جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر جامشورو غضنفر علی قادری کی زیر صدارت جامشورو ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن ایپکس کمیٹی کا اہم اجلاس ڈی سی آفس میں منعقد ہوا جس میں ضلع میں امن و امان کی صورتحال سمیت مختلف حساس امور کا جائزہ لیا گیا۔ منگل کو منعقدہ اجلاس میں مذہبی انتہاپسندی، فرقہ وارانہ سرگرمیوں، اسمگلنگ، منشیات فروشی، غیر رجسٹرڈ مدارس اور غیر قانونی تارکین وطن کے مسائل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں ایس ایس پی جامشورو محمد ظفر صدیق چھانگا، پاک آرمی کے میجر اسد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو ڈاکٹر عدنان منیر، سیکریٹری آر ٹی حیدرآباد سلیم میمن، ایڈیشنل ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر امیر علی کولاچی، ڈی آئی بی انچارج ساجد عباسی، محکمہ ایکسائیز، کسٹم، نارکوٹکس، اوقاف، چائلڈ پروٹیکشن سیل اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران شریک ہوئے۔

ڈپٹی کمشنر جامشورو نے متعلقہ اداروں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینے اور فرقہ وارانہ سرگرمیوں کے خاتمے کے لیے مؤثر اور مربوط حکمت عملی تیار کی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بغیر رجسٹریشن کام کرنے والے مدارس کو فوری طور پر سیل کیا جائے اور غیر قانونی تارکین وطن کی بیدخلی کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔ ڈپٹی کمشنر نے نیشنل ایکشن پلان کے تحت ایپکس کمیٹی کے فیصلوں پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کی اور کہا کہ منشیات کی اسمگلنگ و فروخت کی روک تھام اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ انہوں نے تعلیمی اداروں، خصوصاً جامعات میں منشیات کے استعمال کی روک تھام کے لیے خصوصی اقدامات کرنے پر زور دیا۔ ڈی سی جامشورو نے مزید کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے ایسے عناصر کے خلاف فوری کارروائی کریں

جو سرکاری افسران یا اداروں کے خلاف جھوٹے الزامات لگا کر ان کی ساکھ کو نقصان پہنچاتے ہیں۔ انہوں نے پولیس کو ہدایت کی کہ ضلع بھر میں سنیپ چیکنگ کو مؤثر بنایا جائے، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے اور امن و امان کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے۔ اجلاس کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر نے تمام متعلقہ محکموں پر زور دیا کہ وہ ضلعی سطح پر پائیدار امن، منشیات سے پاک معاشرہ اور قانون کی بالادستی کے لیے مشترکہ طور پر بھرپور کردار ادا کریں۔