ڈپٹی کمشنر سبی جہانزیب شیخ کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ امپلی منٹیشن کمیٹی کے اجلاس کا انعقاد

111

کوئٹہ۔ 09 دسمبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر سبی جہانزیب شیخ کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ امپلی منٹیشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا ،جس میں ایس ایس پی دوستین دشتی ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل علی اصغر مگسی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران نے شرکت کی ۔اجلاس کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے امن و امان کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

ڈپٹی کمشنر سبی نے کہا کہ کسی بھی علاقے کی ترقی اور خوشحالی کا انحصار امن پر ہوتا ہے لہذا امن و اماں کی صورتحال پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا ۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال کو مستحکم رکھنے کے لیے تمام دستیاب وسائل کا موثر استعمال کیا جائے گا ۔ انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ باہمی تعاون سے اپنے اہداف کو حاصل کیا جائے اور عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ امپلی منٹیشن کمیٹی کا یہ پہلا اجلاس منعقد ہو رہا ہے ،حکومتی احکامات کی روشنی میں یہ اجلاس ہفتہ وار منعقد کیا جائے گا، جس میں تمام محکمے اور ادارے ہفتہ وار رپورٹ پیش کریں گے۔