اسلام آباد ۔6نومبر (اے پی پی):ڈیفنس ہاوسنگ اتھارٹی اسلام آباد (ڈی ایچ اے ) اور ملک کے معروف کاروباری اداروں کے مابین رئیل اسٹیٹ سیکٹر کے فروغ کے لئے مفاہمت کے معاہدے طے پاگئے ۔ایم او یوز پر دستخطوں کی تقریب گزشتہ روزڈی ایچ اے پراپرٹی ایکسپو2024 کے موقع پر ہوئی ۔
جس میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈی ایچ اے(جے وی ) بریگیڈیئر ریٹائرڈ نزیر حسین خان اور مختلف کاروباری اداروں نے مفاہمتی یاداداشتوں پر دستخط کئے ۔ ایکسپو میں ڈی ایچ اے کے بڑے پراجیکٹ ڈی ایچ اے گندھارا کے بارے میں خصوصی بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر ڈی ایچ اے گندھارا اور معروف اداروں کے مابین بھی مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے گئے ۔
ڈی ایچ اے کے بڑے تعلیمی ادارے روٹس ملینیم کے ساتھ تعلیمی فروغ کا ایم او یو سائن ہوا جبکہ اے ایم 99 گروپ کے ساتھ ملٹی پرپز کمرشل پروجیکٹ کا ایم او یو سائن ہوا ۔ڈی ایچ اے اسلام آباد اور سینٹورس انتظامیہ کے مابین بھی مفاہمتی یاداشت پر دستخط ہوئے ۔
سینٹورس ڈی ایچ اے اسلام آباد میں تھیم پارک تعمیر کرے گا۔اسی طرح ڈی ایچ اے اسلام آباد و پریمیر چوائس کے ساتھ بھی ایم او یو سائن کئے گئے ۔ پریمیر چوائس ڈی ایچ اے کے اشتراک سے پریمیر ولاز تعمیر کرے گی ۔اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈی ایچ اے جے وی اور سنگا پور آرکیٹیکٹ سربانا جورونگ نے ڈی ایچ اے گندھارا اسلام آباد پر بریفنگ دی۔