فیصل آباد۔ 21 جون (اے پی پی):فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے سینئر نائب صدر ڈاکٹر سجاد ارشد نے کہا کہ کبڈی آج بھی پنجاب کا مقبول ترین کھیل ہے جس کے ذریعے نوجوانوں میں مسابقت کا جذبہ پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ دیہی ثقافت کو بھی پروان چڑھایا جا سکتا ہے۔چیمبر کی سپورٹس بارے قائمہ کمیٹی کی تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ کبڈی شہ زوروں کا کھیل ہے جبکہ موبائل اور انٹر نیٹ کے اس دور میں بھی کبڈی دوسرے کھیلوں سے کہیں زیادہ ہجوم جمع کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
انہوں نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی کاوشوں کو سراہا جس نے اس کھیل کو مقامی، علاقائی اور بین الاقوامی طور پر زندہ رکھنے کیلئے کلیدی کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس کھیل کو پروان چڑھانے کیلئے کبڈی آفیشلز کا کردار مسلمہ حقیقت ہے اور ان کیلئے ریفرشر کورس کے انعقاد سے اس کھیل کو سائنسی بنیادوں پر آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کبڈی کے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی پر بھی زور دیا اور کہا کہ انہیں سرکاری اداروں میں زیادہ سے زیادہ ملازمتیں دینے کی ضرورت ہے اور اس سلسلہ میں فیصل آباد چیمبر ہر سطح پر اپنا کردار اد اکرے گا۔
اس موقع پر پروفیسر غلام محمد چٹھہ نے اخلاقیات اور انصاف، مزمل حسین نے ریسکیو آف پلیئرز، عبدالحکیم نے کبڈی کی تاریخ اور سید محمد طیب گیلانی نے کبڈی کے کھیل کے مروجہ قوانین بارے آگاہ کیا۔ اس موقع پرفیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے سابق صدر رانا سکندر اعظم خاں، ایگزیکٹو ممبر شفیق حسین شاہ، قائمہ کمیٹی کے کنوینر شبیر سندھو اور تنویر تارڑ ایڈووکیٹ نے بھی شرکت کی اور کبڈی کے کھیل کے فروغ کیلئے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔