کراچی، این ڈی ایم اے اور دیگر متعلقہ ایجنسیوں کے مابین مون سون کے دوران صورتحال سے نمٹنے کیلئے انتظامات بارے مشاورت جاری

63

کراچی۔4جولائی (اے پی پی):نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)کے ساتھ ساتھ تمام متعلقہ ایجنسیوں سے بھی مون سون کے دوران صورتحال سے نمٹنے کے لئے انتظامات کے حوالے سے مشاورت کی جا رہی ہے۔پیر کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ بات وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق کو ڈپٹی کمشنر ویسٹ غلام قادر تالپور نے یہاں ڈی سی ویسٹ آفس میں بریفنگ دیتے ہوئے کہی۔

وفاقی وزیر کو بتایا گیا کہ این ڈی ایم اے، کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن، سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ، کے الیکٹرک اور محکمہ تعلیم سندھ کے ساتھ مون سون کے انتظامات بالخصوص بارش کے پانی کی نکاسی اور ہنگامی صورت حال میں عوام کی شکایات کے ازالے کے حوالے سے کوآرڈینیشن پیدا کی جا رہی ہے۔اس موقع پر اراکین سندھ اسمبلی علی خورشید، صداقت حسین اور عدیل شہزاد، ڈی سی ویسٹ غلام قادر تالپور، ایڈمنسٹریٹر ڈسٹرکٹ ویسٹ شبیح الحسن اور میونسپل کمشنر غلام سرور راہوپوٹو بھی موجود تھے۔