کسان تحریک کا مودی سرکار کے خلاف بڑا اعلان،40 لاکھ ٹریکٹرز کی ریلی نکلے گی،راکیش

95

نئی دہلی۔10فروری (اے پی پی):بھارت کی کسان یونین کے رہنما راکیش ٹکیت نے اعلان کیا ہے کہ حکومت کے ظالمانہ زرعی قوانین کے خلاف اب 4 لاکھ نہیں بلکہ 40 لاکھ ٹریکٹرز کی ریلی نکلے گی۔بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست ہریانہ کے شہر کروکشیتر میں بلائی گئی کسان مہا پنچایت میں کسانوں سے خطاب کرتے ہوئے بھارت کی کسان یونین کے لیڈر راکیش ٹکیت نے کہا کہ کسان تحریک اب آگے بڑھتی رہے گی اور یہ پورے ملک میں پھیلے گی۔انھوں نے ساتھ ہی یہ اعلان بھی کیا کہ اب 4 لاکھ نہیں بلکہ 40 لاکھ ٹریکٹرز کی ریلی نکلے گی صرف نعرے نہیں ہم مظاہرہ کریں گے ۔واضح رہے کہ بھارت میں کئی ماہ سے احتجاج کرنے والے کسانوں نے یوم جمہوریہ پر ٹریکٹر ریلی نکالی تھی اور تمام رکاوٹیں توڑ کر دارالحکومت نئی دہلی میں داخل ہوگئے تھے، بعد ازاں لال قلعے پر سکھ مظاہرین نے اپنا جھنڈا بھی لہرا دیا تھا۔