کشمیری عوام کو عزت، آزادی و خودمختاری سے جینے کا حق دیا جائے، گورنر کے پی کے

82
Haji Ghulam Ali
Haji Ghulam Ali

پشاور۔ 05 فروری (اے پی پی):گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ 1990 سے خیبرپختونخوا سمیت ملک بھر کے عوام ہر سال 5 فروری کو سرکاری سطح پر کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کا دن مناتے آ رہے ہیں،آج کے دن ملک کے 24 کروڑ عوام دنیا بھر کو پیغام دیتے ہیں کہ کشمیری عوام کو عزت، آزادی و خودمختاری سے جینے کا حق دیا جائے،بھارت نے گزشتہ 76 سال سے جموں و کشمیر پر ناجائز قبضہ کر کے کشمیری عوام پر ظلم کے پہاڑ کھڑے کئے ہوئے ہیں، لاکھوں کشمیریوں کو شہید کر دیاگیا،لاکھوں بچے یتیم ہو گئے اور ہزاروں خواتین کی عصمت دری کی گئی،آج کے دن ہم عالمی انسانی حقوق کے اداروں سمیت عالمی دنیا کو بتانا چاہتے ہیں کہ بھارت کے مقبوضہ کشمیر میں ہر دن بڑھتے ہوئے مظالم و بربریت نہ صرف اس خطہ بلکہ پوری دنیا کے امن کیلئے خطرہ ہے۔

کشمیری عوام گزشتہ 7 دہائیوں سے مشکل حالات، دہشت اور ظلم کے خلاف برسرِپیکار ہیں جبکہ بھارت کشمیرمیں انسانیت سوز سلوک، سفاکانہ قوانین اور ریاستی دہشت گردی کا استعمال کر رہا ہے جو عالمی دنیا اور امن کے دعویداروں کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا بالخصوص ضم اضلاع کے غیور عوام کیجانب سے حق خودارادیت کے جائز حق کے لیے کشمیری عوام کے بے مثال عزم، بلند حوصلہ اور جرات مندانہ جدوجہد کو سلام پیش کرتا ہوں اور یقین دلاتا ہوں کہ ملک بھر کیطرح خیبرپختونخوا حکومت اور عوام اپنے مظلوم کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے تھے، کھڑے ہیں اور ہمیشہ کھڑے رہیں گے،انشا ءاللہ وہ دن دور نہیں جب کشمیری عوام اپنی جدوجہد آزادی میں کامیاب ہوں گے اور ایک آزاد فضاءمیں سانس لیں گے۔