کولمبین سائیکلسٹ ریگوبرٹو یوران نے ویلٹا اسپانیا سائیکل ریس کا 17واں مرحلہ جیت لیا

111

میڈرڈ۔8ستمبر (اے پی پی):کولمبیاکے سائیکلسٹ ریگوبرٹو یوران نے ویلٹا اسپانیا سائیکل ریس کا 17واں مرحلہ جیت لیا۔ ریس میں فرانسیسی سائیکلسٹ کوئنٹن پیچر نے دوسری ،سپین کے سائیکل سوار جیسس ہیراڈا نے تیسری ،سپین کے ہی سائیکل سوار مارک سولر نے چوتھی جبکہ فرانسیسی سائیکلسٹ کینی ایلیسونڈے نے پانچویں پوزیشن حاصل کی۔ ویلٹا اسپانیا سائیکل ریس سپین میں جاری ہے ۔

ویلٹا اسپانیا سائیکل ریس کا 17واں مرحلہ آراسینا سے مونسٹیریو ڈی ٹینٹوڈیا تک درمیانی پہاڑی رستے پر 160 کلو میٹر پر محیط تھا جس کو 35سالہ کولمبین سائیکلسٹ ریگوبرٹو یوران نے عمدہ سائیکلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تمام حریف سائیکل سواروں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کی ۔ انہوں نے مطلوبہ فاصلہ 3گھنٹے 42منٹ اور 28 سیکنڈز میں طے کرتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ ریس کے17ویں مرحلے میں فرانسیسی سائیکلسٹ کوئنٹن پیچر نے دوسری جبکہ سپین کے سائیکل سوار جیسس ہیراڈا نے تیسری پوزیشن حاصل کی ۔ بیلجیم کے سائیکل سوار ریمکو ایونپول کا ریس کے چھٹے مرحلے سے ریڈ جرسی پر قبضہ حاصل کیا تھا جو تا حال برقرار ہے۔ ویلٹا اسپانیا سائیکل ریس میں کل 21 مراحل ہیں جس میں شرکت کرنے والے سائیکل سوار کل 3ہزار 280.5 کلومیٹر کا فاصلہ طے کریں گے۔ ویلٹا اسپانیا سائیکل ریس11ستمبر کو میڈرڈ ، سپین میں اختتام پذیر ہوگی۔\