اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس جمعہ سے پاکستان کا دو روزہ دورہ کریں گے

اسلام آباد۔8ستمبر (اے پی پی):اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش شدید سیلاب سے متاثرہ پاکستان سے اظہار یکجہتی کےلئے  جمعہ سے پاکستان کا دو روزہ دورہ کریں گے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جمعرات کو جاری بیان کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل 9 سے 10 ستمبر تک پاکستان کا دورہ کریں گے جس کا مقصد ملک بھر میں شدید بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے ہونے والی تباہی اور قدرتی آفت کا مقابلہ کرنے والے پاکستان کی حکومت اور عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنا ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس دورے کے دوران پاکستانی قیادت اور اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے جس میں وہ موسمیاتی تبدیلی سے ہونے والی تباہی کے قومی اور عالمی ردعمل پر تبادلہ خیال کریں گے۔ سیکرٹری جنرل موسمیاتی تباہی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے علاقوں کا دورہ بھی کریں گے جہاں وہ بے گھر خاندانوں اور متاثرہ علاقوں میں ابتدائی بچائواور امدادی کارروائیاں کرنے والوں کے ساتھ بات چیت کریں گے۔

ترجمان کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل لاکھوں متاثرہ لوگوں کے لیے حکومت کی بچائو اور امدادی کوششوں کی حمایت میں اقوام متحدہ کے انسانی امداد کے کام کی نگرانی کریں گے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش کا دورہ پاکستان اس قدرتی آفت کے نتیجے میں ہونے والے جانی نقصان اور بڑے پیمانے پر ہونے والی تباہی کے بارے میں عالمی بیداری کو مزید فروغ دے گا۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا یہ دورہ 33 ملین متاثرہ پاکستانیوں کی انسانی اور دیگر ضروریات کے لیے ہم آہنگ اور مربوط بین الاقوامی ردعمل کو بڑھانے میں معاون ثابت ہوگا۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے پاکستان کے فلڈ ریسپانس پلان کی فنڈنگ کے لیے 160 ملین امریکی ڈالر کی اقوام متحدہ کی “فلیش اپیل” کی 30 اگست کو اسلام آباد اور جنیوا میں بیک وقت منعقد ہونے والے لانچنگ تقریب میں ایک طاقتور ویڈیو پیغام میں فعال طور پر حمایت کی۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل مسلسل اس طرح کی آفات کو موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے منسلک کرنے پر زور دیتے رہے ہیں اور وہ عالمی برادری کو خبردار کرتے رہے ہیں کہ اگر موسمیاتی تبدیلیوں کو بروقت اور موثر طریقے سے حل نہ کیا گیا تو اس سے ہمارے سیارے سنگین خطرات لاحق ہوں گے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا دورہ پاکستان سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی اور تعمیر نو کے مرحلے اور مستقبل میں موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے پاکستان کی پائیدار بین الاقوامی حمایت کی اہمیت کو بھی اجاگر کرے گا۔