گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا جڑانوالہ انٹر چینج پر لاہور عبدالحکیم موٹروے (M-3) کی افتتاحی تقریب سے خطاب و میڈیا سے گفتگو

150
APP39-31 FAISALABAD: March 31 - Governor Punjab Chaudhary Muhammad Sarwar talking to media persons during inaugural ceremony of Lahore-Abdul Hakim Motorway (M-3) at Jaranwala Interchange. APP photo by Tasawar Abbas

فیصل آباد مارچ 31 (اے پی پی) کرپشن ایک ناسور ہے جو سیاسی، سماجی، معاشی اور معاشرتی ہر قسم کی اقدار کو تباہ کردیتا ہے۔ اس لئے پی ٹی آئی حکومت اس ناسورکے خاتمہ کیلئے ہر ممکن کوشش کرے گی۔ یہ بات گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے اتوار کو جڑانوالہ انٹر چینج پر لاہور عبدالحکیم موٹروے (M-3) کی افتتاحی تقریب اور میڈیاکے نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ سابق حکمرانوں کی لوٹ مار کی وجہ سے پاکستانی قوم کئی طرح کے مسائل کا شکار ہوچکی ہے۔ حتی کہ پچھلے ستر سالوں کے دوران ہم لوگوں کو زندگی کی بنیادی سہولتیں بھی فراہم نہیں کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ کام کیا ہے جو اچھی طرح جانتے ہیں کہ عمران خان ایک صاف انسان ہیں اور وہ ملک کو کرپشن کی لعنت سے پاک کرنے کیلئے زیرو کرپشن کا کلچر ضرور متعارف کرائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بد عنوانی کو چھپانے کیلئے حکومتی اداروں پر تنقید ایک فیشن بن چکا ہے۔ جب پی ٹی آئی حکومت میں نہیں آئی تھی اس وقت عدالتوں نے ہمارے لیڈروں کے خلاف کئی فیصلے کئے۔ مگر ہم نے تو کبھی بھی ان فیصلوں کی مخالفت نہیں کی جیسا کہ موجودہ اپوزیشن نے وطیرہ بنایا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کرپشن سے اس لئے نفرت کرتی ہے کیونکہ یہ اس کا پارٹی ایجنڈا ہے اور ہم کسی بھی شخص کو کرپشن کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے خواہ اس کا تعلق کسی بھی جماعت سے ہو۔ انہوں نے کہا کہ ہم کرپشن کے قوانین کو مزید بہتر بنانے کیلئے اس کو جمہوری بحث کیلئے پیش کرتے ہیں مگر اس کا یہ مطلب نہیں کہ ہم کسی کو بھی لوٹی ہوئی دولت محفوظ کرنے کیلئے سیاسی پناہ کے حصول کی اجازت دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کا پلیٹ فارم حاضر ہے اور پی ٹی آئی حکومت ہر اس رائے اور تجویز کا احترام کرے گی جو کرپشن کے قوانین کو مزید بہتر بنانے کیلئے پیش کی جائیں گی۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پاک چین دوستی پہاڑوں سے زیادہ بلند اور سمندروں سے زیادہ گہری ہے اور آنے والے وقت میں سی پیک سے متعلقہ منصوبوں پر عملدرآمد سے یہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین معیشت کے ہر شعبہ میں بہترین تعلقات ہیں اور یہ تعلقات عمران خان کی زیر قیادت مزید مضبوط ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ملک کے بڑے شہروں کو ملانے کیلئے موٹروے کا نیٹ ورک دیا ہے جس کی وجہ سے ملک میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملا۔ اب پنجاب حکومت دور دراز کے دیہی علاقوں کو بڑے شہروں سے ملانے کیلئے موجودہ روڈز کی حالت کو بھی بہتر بنانے کیلئے کوشاں ہے۔ پاکستان کو الک کرنے کے بھارتی منصوبہ کے متعلق ایک سوال کے جواب میں گورنر پنجاب نے کہا کہ بین الاقوامی برادری نے پاکستانی موقف کو تسلیم کیا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم مودی محض اپنا الیکشن جیتنے کیلئے جلتی پر تیل ڈالنے کا کام کررہے ہیں۔ پی ٹی آئی حکومت نے بڑی کامیابی سے سفارتی سطح پر پاکستان کا دفاع کیا ہے۔ اسی طرح ہماری بہادر افواج نے بھی پاکستانی کی جغرافیائی حدود کی حفاظت میں مثالی کردار ادا کیا ہے۔ تاہم انڈیا کے کچھ عناصر ووٹ اور ہمدردیاں حاصل کرنے کیلئے پاک انڈیا تعلقات کو خراب کرسکتے ہیں۔ گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ حکومت لوگوں کو پینے کا صافف پانی مہیا کرنے کا مکمل تہیہ کررکھا ہے۔ اس سلسلہ میں پنجاب پاک آب اتھارٹی معرض وجود میں لائی جارہی ہے جو لوگوں کو پنجاب کا صاف پانی مہیا کرنے میں اپنا کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے سابقہ حکمرانوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سابق حکمران لوگوں کو ان کی بنیادی ضروریات مہیاکرنے سے قاصر رہے۔ ہماری آدھی آبادی آلودہ پانی پینے کی وجہ سے کئی بیماریوں میں مبتلا ہے۔ میں نے ڈاکٹروں کے اجلاس میں شرکت کی جہاں انہوں نے انکشاف کیا کہ 70فیصد بیماریاں آلودہ پانی سے پیدا ہوتی ہے اور ان بیماریوں پر قابوصرف صاف پانی کی بدولت ہی ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پاک آب اتھارٹی کا قیام آخری مراحل میں ہے اور یہ بہت جلد اپنا کام شروع کردے گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ گھر گھر جائیں گے اور صاف پانی مہیا کرنے کیلئے فنڈ اکٹھے کریں گے۔ قبل ازیں انہوں نے پاکستان کے ساتھ چین کے تعاون کو سراہا اور حاضرین سے پاک چین دوستی زندہ باد کے نعرے لگوائے۔ اس موقع پر ایم این ایز نواب شیر وسیر، شیخ خرم، عامر ڈوگر، میاں شفیق اور دیگر بھی موجود تھے۔