
فیصل آباد 27 دسمبر (اے پی پی) :گورنر پنجاب چوہدری محمد سرورنے کہا ہے کہ ہر سال11 لاکھ افراد گندہ پانی پینے کی وجہ سے ہیپاٹائٹس و دیگر موذی امراض کا شکار ہورہے ہیںجن کیلئے پینے کے صاف پانی کی فراہمی اشد ضروری ہے اسی طرح جیلوں میں قیدی بھی پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے سخت پریشانی کا شکار ہیں لہٰذا صوبہ بھرکی تمام جیلوں میں قیدیوںکو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے واٹر فلٹریشن پلانٹ لگائے جائیں گے جبکہ پولیس لائن میں تعینات تمام پولیس اہلکاروں اور شہداءکے لواحقین کیلئے فری ٹیسٹ و فرسٹ ایڈ کیلئے موبائل وین کی سہولت بہم پہنچادی گئی ہے نیزسزا پوری کرنے کے باوجود جرمانے ادا کرنے کی سکت نہ رکھنے کے باعث جیلوں میں موجود قیدیوں کی رہائی کیلئے سرور فاونڈیشن، مخیرحضرات،این جی اوزکے تعاون سے یہ جرمانے ادا کرکے انہیں رہائی دلوائےگی۔علاوہ ازیں سی پیک منصوبہ کے تحت پاکستان آنے والے چائنیزکی سکیورٹی اہم مسئلہ ہے کیونکہ سپریم کورٹ کے حکم پر تمام وی وی آئی پیز سے سکیورٹی واپس لے لی گئی ہے مگر پھر بھی انہیں بھرپور و فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کیلئے تمام ممکن اقدامات کو یقینی بنایا جا ئے گا کیونکہ ان کی سکیورٹی سی پیک کی کامیابی کیلئے انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ مزید بر ۱ٓںوزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے ساتھ کوئی ان کا کوئی جھگڑا نہیںاور ان دونوں میں بہترین انڈر سٹینڈنگ موجود ہے اسلئے کسی کو اس ضمن میں پریشان ہونے کی ضرورت نہیںاسی طرح ہائی کورٹ بینچ کے قیام کے حوالے سے کمیٹی بنائی جارہی ہے کیونکہ اس مسئلہ میںتین پارٹیاں عوام ،وکلاءاور عدلیہ شامل ہیں تاہم اس کا فیصلہ جلد کر لیا جائے گا۔ جمعرات کی سہ پہر پولیس لائن فیصل ۱ٓباد میں واٹر فلٹریشن پلانٹ کے افتتاح، موبائل وین کی فراہمی کی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے بات چیت کے دوران انہوں نے کہا کہ لاہور چلڈرن ہسپتال کے دورے کے دوران ہسپتال کے ایم ایس نے بتایا کہ ایک لاکھ بچے گندہ پانی پینے سے مختلف بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں جتنی بھی جیلیں ہیں ان سب میں واٹر فلٹریشن پلانٹ لگائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد پولیس لائن میں سرور فاونڈیشن کی طرف سے ہیپاٹائٹس بی اور سی اور شوگر کے فری ٹیسٹ کیلئے موبائل وین بھی مہیا کر دی گئی ہے جو کہ پولیس لائن میں تعینات تمام پولیس اہلکاروں اور شہداءکے لواحقین کیلئے فری ٹیسٹ وفرسٹ ایڈ کی سہولیات بہم پہنچائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سرور فاونڈیشن کے زیر اہتمام گوجرانوالہ ،حافظ آباد اور ساہیوال میں بھی واٹر فلٹریشن پلانٹ کی تنصیب کا کام آخری مراحل میں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر کی تمام پولیس لائنوں میں بھی واٹرفلٹریشن پلانٹ کی تنصیب کا کام کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ تمام جیلوں میں بہت سے ایسے قیدی ہیںجو اپنی قید تو پوری کر چکے ہیں لیکن چھوٹے چھوٹے جرمانے ادا نہیں کرسکتے اسلئے انہیں مزید قید بھگتنا پڑ رہی ہے جس کیلئے سرور فاونڈیشن، مخیرحضرات،این جی اوزکے تعاون سے یہ جرمانے ادا کرے گی۔انہوں نے کہا کہ تمام یونیورسٹیز میں فیسوںکے معاملات کو بھی بہت جلد حل کر لیاجائے گا۔ایک سوال کے جواب میںچوہدری محمد سرور نے کہا کہ احتساب کا عمل اب نہیں رکے گاکیونکہ پاکستان تحریک انصاف نے کرپشن کے خلاف علم بلند کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت تما م کام میرٹ پر کر رہی ہے اور کسی کے خلاف انتقامی کارروائی نہیں کی جارہی جبکہ کرپٹ عناصر کے خلاف تمام مقدمات ہماری حکومت میں آنے سے پہلے بنے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال اب پہلے سے بہتر ہے جبکہ عمران خان کی قیادت میں پاکستان میں میرٹ اور قانون کی بالا دستی ، آئین کی حکمرانی اور انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گااسی طرح صحت اور تعلیم کے نظام میں عوام جلد ہی بہتر تبدیلی محسوس کریں گے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت بڑے مشکل فیصلے کر رہی ہے تاہم ملک میں جلد ہی ترقی اور خوشحالی کا دور شروع ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اختیار ات اوپر سے نچلی سطح پر منتقل کر رہی ہے جس کیلئے بلدیات کا بہترین نظام لایا جا رہا ہے اور تیس فیصد بجٹ ویلیج کونسل کےلئے مختص کیا جائیگا تاکہ مقامی لوگ اپنے مسائل کے مطابق فنڈز استعمال کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی پہلی حکومت ہے جس نے اپنے آپ کو احتساب کیلئے پیش کیا کیونکہ اس سے قبل کسی حکومت نے اپنے آپ کو احتساب کیلئے پیش نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے ٹیکسٹائل انڈسٹری کیلئے گیس کی قیمتیں کم کر کے ٹیکسٹائل انڈسٹری کو نئی زندگی دی ہے جس سے نہ صرف روزگار میں اضافہ ہوگا بلکہ ایکسپورٹ میں بھی اضافہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ وفاق اور صوبے ملک و قوم کی تعمیرو ترقی کےلئے باہمی رابطہ کاری کے تحت مکمل تعاون سے کام کر رہے ہیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ صوبہ بھر میں صاف پانی کی فراہمی کے منصوبہ جات پر کام تیز رفتاری سے جاری ہے۔ اس موقع پر فضیل اصغر ہوم سیکرٹری پنجاب ،معروف گلوکار وارث بیگ ،آر پی او فیصل آباد غلام محمد ڈوگر،سی پی او اشفاق احمد ،کمشنر فیصل آباد آصف اقبال چوہدری ،ڈپٹی کمشنر سیف اللہ ڈوگر اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔