اسلام آباد ۔ 4 اگست (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ ہم عالمی سطح پر بتا رہے ہیں کہ غیرقانونی بھارتی زیرتسلط کشمیر پاکستان کا حصہ ہے، سیاسی نقشہ کو عالمی سطح پر ہر فورم پر استعمال کیا جائے گا، نئے نقشہ سے متعلق چین کو اعتماد میں لیا گیا ہے۔ منگل کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارتی اقدام کے خلاف مسلسل رد عمل دے رہا ہے ،نیا سیاسی نقشہ جاری کر دیا گیا ہے جو آج کے بعد استعمال ہوگا ۔نقشہ میں مقبوضہ کشمیر، سرکریک اور لداخ کو واضح طور پر ظاہر کیا گیا ہے ۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ حکومت خوردنی اشیاءکی قیمتوں میں اضافہ کو کنٹرول کرنے کےلئے اقدامات کررہی ہے، ذخیرہ اندوزوںکے خلاف کارروائی کی جائے گی ،انہوں نے کہا کہ آٹے اور چینی کی قیمتیں بڑھی ہیں مگر عالمی صورتحال بھی دیکھنا ہوگی عموماً گندم اور چینی آدھی قیمت پر درآمد کی جاتی تھیں کورونا کی وجہ سے ڈیمانڈ سپلائی متاثر ہوئی ہے ۔کئی ممالک میں خوردنی اشیاءکی شدید قلت پیدا ہوئی اللہ کا شکر کہ پاکستان میں لوگوں کو تمام اشیائے خوردنی با آسانی دستیاب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن چاہتی تھی کہ ملک میں مشکلات ہوں ہم سندھ سے کہہ رہے ہیں کہ گندم سپلائی کی جائے، ٹی سی پی سے بھی کہا ہے کہ عوام کو سستی چینی فراہم کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں ۔انہوں نے کہا کہ آصف زرداری اور نواز شریف شوگر ملز کے مالکان ہیں جنہوں نے سبسڈی لی اور عوام کا خون چوسا ۔