یمن کے لیے اقوام متحدہ کے نمائندے کا ملک میں امن کے لیےروڈ میپ پیش

46
Cooperation will continue
UN report

اقوام متحدہ ۔8جنوری (اے پی پی):یمن کے لیے اقوام متحدہ کے نمائندے ہنس گرونڈبرگ نے ملک میں امن کے لیےروڈ میپ پیش کر دیا ۔اردو نیوز کے مطابق انہوں نے انٹرویو میں کہا کہ یمن میں کسی بھی امن منصوبے کو مرحلہ وار نافذ کرنے کی ضرورت ہو گی اور اس کا انحصار دیرپا جنگ بندی اور ملک سے غیریمنی افواج کے انخلا کو یقینی بنانے پر ہے۔انہوں نے کہا کہ پائیدار امن کی راہ میں رکاوٹوں میں سے ایک متحارب فریقین کے درمیان اعتماد کا فقدان تھا جسے وہ اگست 2021 میں اپنا عہدہ سنبھالنے کے بعد سے دوبارہ بحال کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی ثالثی کا ہدف ایک سنجیدہ سیاسی مذاکراتی عمل ہے جو واضح طور پر تنازعات کے خاتمے کی طرف گامزن ہے اور پائیدار امن، جوابدہ حکومت، اقتصادی ترقی اور مساوات شہریت کی ضمانت اور ایسا مستقبل فراہم کرتا ہے جس کی یمنی عوام خواہش رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تمام فریقین نے اس مقصد کو حاصل کرنے کے لیے ہمارے ساتھ کام کرنے کا وعدہ کیا ہے، اور ہم اس بات کو یقینی بنانے کے خواہاں ہیں

کہ یہ روڈ میپ اقوام متحدہ کی سرپرستی میں یمن کے سیاسی عمل کو دوبارہ شروع کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کے لیے فریقین کے واضح عزم کو ظاہر کرے۔انٹرویو کے دوران ہنس گرونڈبرگ نے حوثیوں کے لیے بین الاقوامی سمندری قانون کا احترام کرنے اور بحیرہ احمر میں تجارتی جہاز رانی پر حملے بند کرنے، ملک کے جنوب میں بدامنی کے لیے پرامن حل کی ضرورت اور نوجوانوں اور خواتین کی جنگ کے بعد یمن میں سیاسی عمل میں شرکت کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔