یوم دفاع پاکستان کے خلاف مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لیے دی گئی عظیم قربانیوں کی یاد دہانی کا دن ہے ، پاکستانی سفیر آمنہ بلوچ کا برسلز میں یوم دفاع و شہدا تقریب سے خطاب

185
پاکستا ن کی سفیر آمنہ بلوچ

اسلام آباد۔6ستمبر (اے پی پی): یورپی یونین، بیلجیم اور لکسمبرگ کے لئے پاکستان کی سفیر آمنہ بلوچ نے کہا ہے کہ 6 ستمبر پاکستان کے خلاف مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لیے دی گئی عظیم قربانیوں کی یاد دہانی کا دن ہے ،پاکستان کی بہادر مسلح افواج ملک کے دفاع کے لیے کسی بھی بیرونی جارحیت کا مقابلہ کرنے کےلئے تیار ہیں۔ برسلز سے موصولہ پریس ریلیز کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے برسلز پریس کلب میں یوم دفاع و شہدا پاکستان کے حوالے سے منعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب کا اہتمام پاک بیلجیم سوشوکلچرل ایسوسی ایشن اور برسلز میں پاکستانی کمیونٹی نے مشترکہ طور پر کیا تھا۔تقریب میں پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ انہوں نےاس دن کی تاریخ اور اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ 6 ستمبر پاکستان کے خلاف مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لیے دی گئی عظیم قربانیوں کی یاد دہانی کا دن ہے۔

آمنہ بلوچ نے کہاکہ قوم پاکستان کی مسلح افواج کی بہادری کی معترف ہے اور ملک کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے قوم کے بہادر سپوتوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے یوم دفاع منایا جاتا ہے

اس موقع پرپاکستان کی مسلح افواج کی قربانیوں اور کامیابیوں پر مبنی دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی جس کا مقصد اس پیغام کا ابلاغ تھا کہ پاکستان کے اعلیٰ دفاع اور وطن کی حفاظت ایک قابل قدر فریضہ ہے ۔اس موقع پر ڈاکٹر علی شیرازی، ڈاکٹر کامران، چوہدری عمران ثاقب، سردار محمود اقبال اور سردار صدیق نے خطاب کیا اورپاکستان کے دفاع اور سلامتی میں مسلح افواج کی عظیم قربانیوں کو سراہا۔تقریب کا اختتام ملک کی خوشحالی اور مسلح افواج کی سلامتی کے لیے خصوصی دعا سے ہوا۔