لاہور۔28اکتوبر (اے پی پی):یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب لاہور میں کلائمیٹ ایکشن ڈے کے موقع پر پاک مشن سوسائٹی کے تعاون سے شاندار تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ اس دن کی مناسبت سے ایک تقریری مقابلے، پینل ڈسکشن اور پینٹنگ مقابلے کا اہتمام کیا گیا، جس میں طلبا و طالبات نے ماحولیاتی تحفظ اور پائیدار مستقبل کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔تقریب کا آغاز شعبہ ماس کمیونیکیشن کے سربراہ فواد بیگ کے استقبالیہ کلمات سے ہوا، جنہوں نے ماحولیات کے تحفظ کی اہمیت پر زور دیا اور طلبا کو اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی ترغیب دی۔
پینل ڈسکشن میں ممتاز ماہرین نے شرکت کی جن میں پنجاب یونیورسٹی کے کالج آف ارتھ اینڈ انوائرنمنٹل سائنسز کے ڈاکٹر حسن بن صادق، لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے عمر چوہدری، چیف کنزرویٹر ایکسٹینشن اینڈ ریسرچ ساجد قدوس اعوان، اور ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ فلم ٹی وی اینڈ ڈیجیٹل میڈیا عاطف اشرف شامل تھے۔ ماہرین نے اپنے تجربات اور علم کی روشنی میں ماحولیات کی حفاظت کے مختلف پہلووں پر روشنی ڈالی اور طلبا کو ماحول دوست اقدامات کی جانب راغب کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
تقریری مقابلے میں پاک مشن سوسائٹی کی جانب سے بنائے گئے گرین کلبز کے طلبا و طالبات نے کلائمیٹ چینج اور اس کے اثرات پر پرجوش تقاریر پیش کیں، جن میں ماحولیاتی مسائل اور ان کے ممکنہ حل پر تفصیلی اظہار خیال کیا گیا۔پینٹنگ مقابلے میں طلبا نے ماحول سے متعلق تخلیقی پینٹنگز بنائیں، جن میں کلائمیٹ چینج، قدرتی وسائل کے تحفظ اور سرسبز مستقبل کی عکاسی کی گئی۔
شرکا نے اپنی آرٹ ورک کے ذریعے ماحول کے حوالے سے پیغام دیا اور تخلیقی انداز میں آگاہی پیدا کرنے کی کوشش کی۔پروگرام میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبا و طالبات میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ پروگرام کے آخر میں پروریکٹر یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب ڈاکٹر حماد نوید نے شرکا کا شکریہ ادا کیا۔