اسلام آباد۔3جولائی (اے پی پی):امریکا کی ایجنسی برائے بین الاقوامی ترقی(یو ایس ایڈ ) نے میٹرک اور ایف ایس سی میں 80 فیصد سے زائد نمبر حاصل کرنے والی کم آمدن خاندانوں کی بچیوں کو میڈیکل، انجینئرنگ اور عمومی یونیورسٹیوں میں داخلہ کے ٹیسٹ کی تیاری کیلئے وظیفہ دینے کا فیصلہ کیا ہے جس کیلئے آن لائن درخواستیں جمع کرانے کا اعلان جلد کیا جائے گا۔
یو ایس ایڈ کی طرف سے جاری تفصیلات کے مطابق ایسی طالبات جن کے ایف ایس سی پارٹ ون میں 80 فیصد جبکہ آرٹس میں پہلے سال 70 فیصد نمبر حاصل کئے ہوں اور وہ اپنے خاندان کی کم آمدنی کی وجہ سے میڈیکل یا انجینئرنگ کالجز یا یونیورسٹیوں میں اس بنیاد پر داخلہ نہ لے سکیں کہ وہ انٹری ٹیسٹ کی تیاری کیلئے اکیڈمی کے اخراجات دینے سے قاصر ہوں، ایسی بچیوں کیلئے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا اعلان کیا گیا ہے۔