آئرش آل راؤنڈر کرٹس کیمفر کا ٹی20 کرکٹ میں نیا ریکارڈ، 5 گیندوں پر 5 وکٹیں

50

ڈبلن۔11جولائی (اے پی پی):آئرلینڈ کی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز آل راؤنڈر کرٹس کیمفر نے انٹرپرووینشل ٹی20 ٹرافی ٹورنامنٹ میں منسٹر ریڈز کی نمائندگی کرتے ہوئے نارتھ ویسٹ ویریئرز کے خلاف 5 گیندوں پر 5 کھلاڑیوں کو آئوٹ کر کے پروفیشنل کرکٹ میں نیا ریکارڈ قائم کردیا۔آئرلینڈ کے دارالحکومت ڈبلن میں جاری آئرلینڈ کے انٹرپرووینشل ٹی20 ٹرافی کے 23ویں میچ میں منسٹر ریڈز کے کپتان کرٹس کیمفر نے نارتھ ویسٹ ویریئرز کے خلاف 2.3 اوورز میں 16 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں۔

کرٹس کیمفر نے اپنے کوٹے کے دوسرے اور تیسرے اوور میں مسلسل 5 گیندوں پر 5 وکٹیں حاصل کرکے یہ ریکارڈ اپنے نام کیا، جس کے باعث ویریئرز کی ٹیم نے جہاں ایک موقع پر 5 وکٹوں کے نقصان پر 87 رنز بنایا تھا لیکن 189 کے ہدف کے تعاقب میں 88 پر پوری ٹیم آؤٹ ہوگئی۔منسٹر ریڈز کے کپتان نے 12 ویں اوور کی آخری 2 گیندوں پر مسلسل وکٹیں حاصل کرکے ہیٹ ٹرک کی پوزیشن پر آگئے، جس کے بعد اپنے تیسرے اوور کی پہلی گیند پر اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی اور وکٹیں لینے کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے اگلی 2 گیندوں پر بھی نئے آنے والے بیٹرز کو پویلین کی راہ دکھا دی۔

کرٹس کیمفر کو اس کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، اپنی کارکردگی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اوور تبدیل ہونے کی وجہ سے میں تذبذب کا شکار تھا کیا ہو رہا ہے لیکن میں نے اپنی تمام تر توجہ اپنی بولنگ پر مرکوز رکھی اور خوش قسمتی سے یہ اعزاز حاصل کرلیا۔ریکارڈ کے حوالے سے ان سے سوال کیا گیا کہ کیا ایک اور بیٹر ہوتا 6 گیندوں پر 6 آؤٹ کرنے کا ریکارڈ بنا لیتے تو انہوں نے کہا کہ نہیں میں میرا نہیں خیال کہ ایسا ہوتا لیکن میں اس کارکردگی پر خوش ہوں۔