آئندہ بجٹ تمام صوبوں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا گیا ہے ،سینیٹر پرویز رشید

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ آئندہ بجٹ تمام صوبوں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا گیا ہے اور عوام کو زیادہ سے زیادہ ممکنہ ریلیف فراہم کرے گا۔بدھ کے روز پارلیمنٹ ہائوس کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وفاقی بجٹ کی تیاری کے دوران صوبائی حکومتوں سے تفصیلی مشاورت کی گئی اور وزرائے اعلیٰ کی جانب …

اسلام آباد۔10جون (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ آئندہ بجٹ تمام صوبوں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا گیا ہے اور عوام کو زیادہ سے زیادہ ممکنہ ریلیف فراہم کرے گا۔بدھ کے روز پارلیمنٹ ہائوس کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وفاقی بجٹ کی تیاری کے دوران صوبائی حکومتوں سے تفصیلی مشاورت کی گئی اور وزرائے اعلیٰ کی جانب سے پیش کی جانے والی تمام سفارشات کو قبول کرتے ہوئے بجٹ کا حصہ بنایا گیا ہے جو وفاقی حکومت کے مشاورتی اور جامع طرزِ حکمرانی کا مظہر ہے۔آزاد جموں و کشمیر میں جاری احتجاجی مظاہروں سے متعلق ایک سوال کے جواب میں پرویز رشید نے کہا کہ عوامی ریلیف سے متعلق اہم مطالبات پہلے ہی حل کیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئینی نوعیت کے مطالبات کو سڑکوں پر احتجاج کے بجائے منتخب جمہوری فورمز پر اٹھایا جانا چاہیے۔

انہوں نے احتجاج کرنے والے گروہوں پر زور دیا کہ وہ سیاسی جماعتیں تشکیل دیں، انتخابات میں حصہ لیں اور اپنے مطالبات کو انتخابی منشور کا حصہ بنا کر عوامی حمایت حاصل کریں۔سینیٹر پرویز رشید نے مظاہرین کو تشدد، جبر اور تصادم کی سیاست سے گریز کرنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ ایسے طرزِ عمل جمہوری اقدار اور آئینی اصولوں سے مطابقت نہیں رکھتے۔انہوں نے تمام فریقین پر زور دیا کہ اختلافات کے حل کے لیے قانونی اور آئینی راستے اختیار کیے جائیں، کیونکہ پائیدار حل اور قومی استحکام کے لیے جمہوری عمل ہی سب سے موثر ذریعہ ہے۔