این ڈی ایم اے کا10 تا 15 جون ملک کے بالائی علاقوں میں سیلابی صورتحال کے خدشے کے پیش نظر الرٹ جاری

نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے 10 تا 15 جون ملک کے بالائی علاقوں میں سیلابی صورتحال کے خدشے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا۔بدھ کواین ڈی ایم اے کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق موجودہ صورتحال این ای او سی کی جانب سے 3 سے 4 ماہ قبل جاری موسمی جائزہ کے عین مطابق ہے

اسلام آباد۔10جون (اے پی پی):نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے 10 تا 15 جون ملک کے بالائی علاقوں میں سیلابی صورتحال کے خدشے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا۔بدھ کواین ڈی ایم اے کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق موجودہ صورتحال این ای او سی کی جانب سے 3 سے 4 ماہ قبل جاری موسمی جائزہ کے عین مطابق ہے۔ ملک میں جاری موسمی صورتحال این ای او سی کی جانب سے جاری پیشگی الرٹس کے عین مطابق ہے ۔گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ ممکنہ بارش کے باعث مقامی سطح پر اچانک سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔پہاڑی علاقوں میں بارشوں کے باعث ندی نالوں اور برساتی آبی گزرگاہوں میں اچانک طغیانی کا امکان ہے۔خیبرپختونخوا کے چترال، شانگلہ، کوہستان، بٹگرام اور مانسہرہ میں اچانک سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے،آزاد کشمیر کے مظفرآباد، وادی نیلم، باغ اور راولاکوٹ میں مقامی سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔گلگت بلتستان کے گپس یاسین، غذر، دیامر، تانگیر، داریل اور گلگت کے علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

نشیبی علاقوں اور ندی نالوں کے قریب رہنے والے شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔سیاحوں اور مسافروں کو شدید بارشوں کے دوران پہاڑی علاقوں کے غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ضلعی انتظامیہ اور امدادی اداروں کو ہنگامی ٹیمیں اور ڈی واٹرنگ مشینری تیار رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔این ڈی این اے نے شہری علاقوں میں ممکنہ سیلابی صورتحال کے خطرے کے پیش نظر نکاسی آب کے نظام اور نالوں کی صفائی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔این ای او سی نے 12 تا 15 جون گلگت بلتستان اور ملحقہ کوہستانی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کا الرٹ بھی جاری کر دیا۔قراقرم ہائی وے اور جگلوٹ-سکردو روڈ کے مختلف مقامات پر عارضی بندش اور سفری مشکلات کا خدشہ ہے۔چلاس، بشیداس، تھلپن، شینگس نالہ، شیطان نالہ، چماچو، ٹورمک نالہ اور دیگر حساس مقامات پر خطرات میں اضافے کا امکان ہے۔عطا آباد ٹنل، شِمشال، خپلو اور مشرقی بلتستان کے علاقوں میں پہاڑی ڈھلوانوں سے لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔ہنگامی امدادی ٹیموں کو فوری رسپانس کے لیے الرٹ رہنے اور ضروری مشینری تیار رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔خطرے سے دوچار علاقوں کے مکین مقامی انتظامیہ اور موسمی ایڈوائزری پر عمل کریں۔بروقت معلومات کے لیے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ کا استعمال کریں ۔

این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور پیشگی اقدامات کی ہدایت کر دی۔