کراچی۔7جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی سید امین الحق نے کہا ہے کہ پاکستان آنے والے تین سالوں میں 15 ارب ڈالرز کی آئی ٹی برآمدات حاصل کرنے کے لیے کام کر رہا ہے۔یہ بات انہوں نے جمعرات کو این ای ڈی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں واقع وزارت آئی ٹی کے ادارے نیشنل انکیوبیشن سینٹر میں "امریکی پاکستان اختراعات اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے” کے موضوع پر پینل ڈسکشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔
امریکی محکمہ خارجہ کے خصوصی نمائندے برائے تجارتی اور کاروباری امور دلاور سید ،انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر سید اکبر زیدی ، ایل ایم کے ٹی ٹیکنالوجی کمپنی کے بانی اور سی ای او عاطف رئیس خان نے بھی پینل بحث میں حصہ لیا۔
وفاقی وزیر سید امین الحق نے کہا کہ22-2021میں پاکستان کی آئی ٹی برآمدات 2.6 ارب ڈالرز تک پہنچ گئیں ہیں جبکہ مالی سال23-2022کا ہدف 3 ارب ڈالرز مقرر کیا گیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ وزارت آئی ٹی تین سالہ منصوبے میں اس اعداد و شمار کو 15 ارب ڈالرز تک بڑھانے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے،ڈیجیٹل پاکستان کے وژن پر عمل کرتے ہوئے وزارت آئی ٹی نے اس شعبے کے فروغ کے لیے متعدد اقدامات کیے ہیں جس کے نتیجے میں ملک میں انٹرنیٹ کنکٹیویٹی، براڈ بینڈ اور سیلولر کوریج میں توسیع ہوئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج 193 ملین فعال موبائل سمز ہیں جبکہ مالی سال 2018-19 میں یہ تعداد 160 ملین تھی ۔
امین الحق نے کہا کہ براڈ بینڈ کوریج کی مستحکم ماہانہ ترقی اور فور جی ٹیکنالوجی کی توسیع کو یقینی بنا کر حکومت کی نظریں رواں سال کے دوران پاکستان میں فائیو جی کے آغاز پر ہیں۔وفاقی وزیر آئی ٹی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تمام وفاقی وزارتوں اور پیپر لیس کابینہ کے اجلاسوں کو ڈیجیٹل کرنے کے بعد اب ہم آئندہ مارچ تک پیپر لیس پارلیمنٹ کے مقصد کو عملی جامہ پہنانے کے لیے کام کر رہے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ نیشنل انکیوبیشن سینٹرز نے انٹرپرینیورشپ کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا اور ملک میں اسٹارٹ اپس کی تعداد 1000 سے تجاوز کر گئی جس سے روزگار کے سینکڑوں مواقع پیدا ہوئے۔
انہوں نے بتایا کہ سٹارٹ اپس کا مالیاتی حجم 5 گنا (500 فیصد) سے بڑھ کر 373 ملین ڈالر تک جا پہنچا ہے۔اس موقع پر امریکی محکمہ خارجہ کے نمائندہ خصوصی دلاور سید نے پینل ڈسکشن میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ دو طرفہ تجارت کو وسعت دینے، سرمایہ کاری کو فروغ دینے اور سب کے لیے کاروباری اور تعلیمی مواقع کو بڑھانے کے لیے کام کرتا رہے گا جس کے تحت امریکہ اور پاکستان کے 75 سالہ اقتصادی تعاون کو آگے بڑھایا جائے گا۔انہوں نے پاکستانی خواتین انٹرپرینورزکی تعریف کرتے کہا کہ پاکستانی خواتین اور لڑکیوں کو بااختیار بنانے کے لیے امریکی تعاون جاری رہے گا ۔
انہوں نے پاکستان کی طویل مدتی خوشحالی کے لیے پائیدار اور جامع اقتصادی ترقی کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا اور تجویز پیش کی کہ خواتین کے لیے ڈیجیٹل اور مالیاتی خواندگی کو فروغ دیا جائے۔ قبل ازیں وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق اور امریکہ کے خصوصی نمائندے کے مابین ون آن ون ملاقات ہوئی جس میں پاکستان کے انٹرپرینیورشپ ایکو سسٹم کو مضبوط بنانے کے لیے باہمی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے بعد انہوں نے انکیوبیشن سینٹر کے عہدیداروں کے ساتھ سینٹر کا دورہ کیا اور پاکستانی تاجروں سے ملاقات کی۔