آئندہ عام انتخابات کے دوران وزارت داخلہ میں مجموعی سکیورٹی کی مانیٹرنگ کے لئے کنٹرول روم قائم کردیا گیا

92

اسلام آباد۔11جنوری (اے پی پی):وفاقی وزارت داخلہ میں آئندہ عام انتخابات 2024 کے دوران مجموعی سکیورٹی کی مانیٹرنگ کے لئے کنٹرول روم قائم کردیا گیا۔ کنٹرول روم کے سربراہ وزارت داخلہ کے اعلی افسر ہوں گے۔

وزارت داخلہ سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سیکرٹری وزارت داخلہ آفتاب اکبر درانی کی منظوری کے بعد ملک کی مجموعی سکیورٹی کی مانیٹرنگ،آئندہ عام انتخابات 2024 کے دوران امن و امان کے قیام کو یقینی بنانے کے لئے وزارت داخلہ میں کنٹرول روم قائم کردیا گیا ہے۔

کنٹرول روم کے قیام کے حوالے سے الیکشن کمیشن، صوبائی حکومتوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو تحریری طور پر آگاہ کردیا گیا ہے۔