آئندہ مالی سال2017-18ءکیلئے وفاقی بجٹ (کل) جمعہ کو قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔ اجلاس سہ پہر 4بجے طلب ہوگا وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار آئندہ مالی سال 2017-18ءکا بجٹ پیش کریں گے

98

اسلام آباد ۔ 25 مئی (اے پی پی) آئندہ مالی سال2017-18ءکیلئے وفاقی بجٹ (کل) جمعہ کو قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔ قومی اسمبلی کا اجلاس جمعہ کی سہ پہر 4بجے طلب کیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار آئندہ مالی سال 2017-18ءکا بجٹ پیش کریں گے۔قومی اسمبلی کے ہاﺅس بزنس ایڈوائزری کے تحت حسب روایت وفاقی بجٹ پر بحث دو ہفتے جاری رہے گی ‘ بحث کے دوران ارکان پارلیمنٹ کی طرف سے آنے والی تجاویز اور آراءکی روشنی میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار بجٹ پر بحث سمیٹیں گئے۔جس کے بعد مختلف وزارتوں اور ڈویژن کے مطالبات زر کی منظوری کا عمل شروع ہوگا اور اپوزیشن کی طرف سے بعض وزارتوں کے مطالبات زر کی کٹوتی کی تحاریک بھی متوقع ہیں۔ ہاﺅس بزنس ایڈوائزری کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ قومی اسمبلی کا بجٹ سیشن 14جون تک جاری رہے گا۔ رمضان المبارک کی وجہ سے قومی اسمبلی کے اجلاس کا دورانیہ صبح 11سے 5بجے تک مقرر کیا گیا ہے۔ بجٹ پر عام بحث 29 مئی سے شروع ہوگی‘ صرف اتوار کو چھٹی ہوگی، ہفتہ کو بھی اجلاس جاری رہے گا۔ وزیر خزانہ 9جون کو بجٹ پر بحث سمیٹیں گے۔اس کے بعد 14جون تک وفاقی بجٹ 2017-18ءمنظور کرلیا جائے گا۔