آئندہ ماہ سے پنجاب آب پاک اتھارٹی کے 4 ارب روپے کے نئے منصوبے شروع ہونگے،گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور

148

لاہور۔11اپریل (اے پی پی):گور نر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ آئندہ ماہ سے پنجاب آب پاک اتھارٹی کے 4ارب روپے کے نئے منصوبے شروع ہونگے، رواں ہفتے جنوبی پنجاب میں ملتان اور مظفر گڑھ میں عوام کو پینے کا صاف پانی فراہم کر نے کیلئے فلٹریشن پلانٹس کا افتتاح بھی کیا جائے گا۔ وہ اتوار کوپنجاب آب پاک اتھارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر شکیل احمدکے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔چوہدری محمد سرور نے کہا کہ پنجاب آب پاک اتھارٹی کے معاملے پر بیوروکریسی، پنجاب حکومت اور آب پاک اتھارٹی سمیت ہم سب ایک پیج پر آچکے ہیں جس کی وجہ سے پنجاب کے عوام کو پینے کا صاف پانی فراہم کر نے کیلئے پنجاب آب پاک اتھارٹی کے نئے منصوبوں پر تیزی کےساتھ کام شروع کیا جا رہا ہے، مئی میں پنجاب بھر میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے حوالے سے 4ارب روپے کے نئے منصوبے شروع کئے جارہے ہیں ۔

چوہدری محمد سرور نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے عوام کو پینے کا صاف پانی فراہم کر نے کے نام پر قومی خزانہ سے اربوں روپے لگا ئے مگر انکی کارکردگی بھی زیرو رہی ہے اور بدترین کرپشن بھی ہوتی رہی ہے مگر پنجاب آب پاک اتھارٹی میں کسی قسم کی کر پشن اور کمیشن کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، قومی خزانہ کی ایک ایک پائی کا تحفظ کریں گے اور تمام منصوبوں میں شفافیت کو100فیصد یقینی بنایا جائے گا۔ چوہدری محمد سرور نے کہا کہ پنجاب آب پاک اتھارٹی نے چک جھمرہ اور رینالہ خورد کے علاقے میں پینے کے صاف پانی کے منصوبے شروع کئے ہیں ان میں زیادہ تر دیہاتی علاقے کے عوام کو پینے کا صاف پانی فراہم کر رہے ہیں،

ان منصوبوں میں کسی قسم کی سیاسی تفریق نہیں کی جا رہی اور جہاں تحریک انصاف کے اراکین عام انتخابات میں کامیاب نہیں ہوئے ان علاقوں میں بھی عوام کو پینے کا صاف پانی فراہم کر نا پنجاب آب پاک اتھارٹی کی ذمہ داری ہے جو ہم پوری کر یں گے ۔ پنجاب آب پاک اتھارٹی کے پیٹرن انچیف چوہدری محمد سرور نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان مضبوط ہو رہا ہے اور پہلی بارکوئی حکومت ملک میں عام آدمی کو سہولتوں کی فراہمی پر کام کر رہی ہے، نیا پاکستان ہاوسنگ سکیم، احساس پروگرام اور کوئی بھوکا نہ سوئے جیسے منصوبوں کا مقصد بھی صرف اور صرف عوام کو ریلیف فراہم کر نا ہے ۔