لاہور۔18فروری (اے پی پی):محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر علاقوں میں تیز ہواؤں/آندھی وگرج چمک کے ساتھ بارش اور چند مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے۔ ترجمان محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران لاہور، قصور ،شیخوپورہ،گوجرانوالہ، حافظ آباد ،نارووال، نارنگ منڈی، بدو ملہی، سیالکوٹ،گجرات ،جھنگ ،فیصل آباد، سرگودھا، اوکاڑہ، ساہیوال اور منڈی بہائوالدین سمیت جنوبی پنجاب کے اضلاع میں تیز ہواؤں/ آندھی و گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے درمیانی اور موسلا دھار بارش کی توقع ہے جبکہ چند مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے ۔
ترجمان کے مطابق گزشتہ روز پنجاب کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد وابرآلودرہا ۔ لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 15اورزیادہ سے زیادہ 21سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 63فیصد رہا۔لا ہور میں آلودگی کی مجموعی شرح 298رہی،اسی طرح شہر کے دیگر علاقوں پو لو گراؤنڈ میں 405،فیز8ڈی ایچ اے 346،سید مراتب علی روڈ327، سی ای آر پی آفس 373،فدا حسین ہاؤس 370،فیز8ایوی گرین 368،ذکی فارمز 405اورپاکستان انجینئرنگ سروسزمیں 379ایئر کوالٹی انڈیکس ریکارڈ کیا گیا۔