آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختو نخوا،کشمیراورگلگت بلتستان میں تیز ہو ائوں کے سا تھ بارش کا امکان ہے، محکمہ موسمیات

اسلام آباد ۔ 6 مارچ (اے پی پی) محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختو نخوا،کشمیراورگلگت بلتستان میں گرج چمک اور تیز ہوائوں کے سا تھ بارش کی توقع ہے۔ اس دوران بعض مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے تاہم ملک کے دیگر علاقوں میں موسم خشک رہے گا۔ کشمیر، بالائی خیبر پختو نخوا اور خطہ پوٹھوہار میں بعض مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران خیبرپختونخوا، پنجاب، شمالی بلوچستان، کشمیر، بالائی سندھ اور اسلام آباد کے اضلاع میں تیز ہوائوں اورگرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ مالم جبہ میں برف باری بھی ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مالم جبہ میں 49 ملی میٹر، دیر 29، سیدو شریف، تخت بائی 24، چیراٹ 20، دروش 17، کاکول 16، پٹن 12، پاراچنار، میر کھانی، ڈی آئی خان 15، چترال 14، کالام 10، پشاور 8، بالاکوٹ 2، سیالکوٹ 45، اوکاڑہ 45، گوجرانوالہ 42، بہاولپور 39، لاہور 38، چکوال 37، قصور 31، خانیوال، سرگودھا 30، ٹوبہ ٹیک سنگھ 26، جھنگ 24، حافظ آباد 22، ساہیوال 21، ملتان، نور پورتھل، مری، منڈی بہائوالدین 20، فیصل آباد 18، جوہرآباد 17، کوٹ ادو، لیہ، اٹک 15 ، اسلام آباد 14، بھکر 12، نارووال، منگلا، جہلم 11، گجرات 10، راولپنڈی 10، بہاولنگر، رحیم یار خان 9، ڈی جی خان 8، خان پور 7، راولاکوٹ 28، مظفرآباد 25، کوٹلی 17، گڑھی دوپٹہ 15، ژوب 24 ، سبی 22، بارکھان 17، کوئٹہ 6، قلات ایک، سکرنڈ 8، جیکب آباد 4، دادو، چھور 3، شہید بینظیر آباد 2، روہڑی، پڈعیدن اور ٹنڈوجام میں ایک ملی میٹر بارش جبکہ مالام جبہ میں 17 انچ برف باری بھی ریکارڈ کی گئی ہے۔ جمعہ کو ریکارڈ کیے گئے کم سے کم درجہ حرارت کی رپورٹ کے مطابق قلات میں درجہ حرارت منفی5 ڈگری سینٹی گریڈ، کالام، پاراچنار منفی 2 اور مالم جبہ میں منفیایک ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات نے اسلام آباد سمیت خطہ پوٹھوہار، خیبر پختو نخوا اور کشمیر میں موسلادھار بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے ہدایات جاری کی ہیں کہ موسلادھار بارشوں سے ژوب، موسیٰ خیل، لورالائی، ڈی آئی خان، بنوں، کرک، وزیرستان، دیر، مالاکنڈ، سوات، پشاور، مردان، ہزارہ اورکشمیر کے پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے ۔ موسلادھار اور مسلسل بارشوں کی وجہ سے کشمیر،گلگت، مالاکنڈ، دیر اور ہزارہ کی پہاڑی شاہرائوں پر لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی ہے جبکہ غیر معمولی بارشوں، ژالہ باری اور تیز ہوائوں سے خیبر پختو نخوا اور بالائی پنجاب میں گندم کی فصل کو جزوی نقصان کا بھی خدشہ ہے۔