آئیسکونے بجلی نادہندگان سے 20کروڑ روپے وصول کرلئے

69
Isco

اسلام آباد۔26ستمبر (اے پی پی):اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی ( آئیسکو) نے بجلی نادہندگان سے 20کروڑ روپے سے زائد وصول کرلئے۔منگل کو آئیسکو کے ترجمان کے مطابق وزارت توانائی کی ہدایت پر واجبات کی وصولی کےلئے نادہندگان کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے،اب تک 14ہزار112نادہندگان سے 20کروڑ روپے سے زائدکے واجبات کی وصولی کی جاچکی ہے۔اس سلسلے میں بجلی واجبات کی وصولی کے لئے ناہندگان کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جارہا ہے ۔

اس کریک ڈائون کے دوران اب تک اسلام آباد سرکل میں 360 ناہندگان سے 38 لاکھ 48 ہزار روپے،اٹک سرکل میں 253 ناہندگان سے 51 لاکھ 82 ہزار روپے،راولپنڈی سٹی سرکل میں 73 ناہندگان سے 19 لاکھ 35 ہزار روپے،جہلم سرکل میں 211 ناہندگان سے 12 لاکھ 44 ہزار روپے،چکوال سرکل میں 235 ناہندگان سے 38 لاکھ 4 ہزار روپے اورراولپنڈی کینٹ سرکل میں 210 ناہندگان سے 65 لاکھ 25 ہزار روپے کی وصولی کی جاچکی ہے جبکہ بل ادا نہ کرنے والے صارفین کے میڑز بھی اتار لئے گئے ۔

انہوں نے کہاکہ آئیسکو کی ریکوری ٹیمیں کریک ڈائون کے دوران شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کررہی ہیں اور انہیں حکومت پاکستان ،وزارت توانائی، پولیس اور ضلعی انتظامیہ کا بھرپور تعاون حاصل ہے۔ ترجمان نے کہاکہ بجلی بلوں کی بروقت ادائیگی اخلاقی اور قومی ذمہ داری ہے۔