اسلام آباد۔19اکتوبر (اے پی پی):چیف ایگزیکٹو اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) ڈاکٹر محمد امجد خان نے کہا ہے کہ بجلی نادہندگان اوربجلی چوری کے ناسور سے آئیسکو ریجن کو کلیئر کرنے کے لئے جاری مہم کے دوران بہترین نتائج حاصل ہو رہے ہیں۔ترجمان آئیسکو کے جمعرات کو جاری بیان کے مطابق کمپنی کی ریکوری ٹیموں نے19361 رننگ ڈیفالٹرز سے20کروڑ86لاکھ50ہزار جبکہ8319 ڈیڈ ڈیفالٹرز سے23کروڑ41لاکھ30ہزار سے زائد کی وصولی کی گئی۔ریکوری کی مد میں مجموعی طور پر جاری مہم میں اب تک27680صارفین سے44کروڑ27لاکھ80ہزار سے زائد کی رقم آئیسکو نے وصول کر لی ہے۔
دوسری جانب بجلی چوری کے خلاف بھی آئیسکو نے کارروائی کرتے ہوئے2204بجلی چوروں پر30لاکھ77ہزار سے زائد یونٹس چارج کر کے14کروڑ29لاکھ86ہزار سے زائد کے جرمانے عائد کئے گئے، 549ایف آئی آر کا اندراج کر کے پولیس کی جانب سے 358بجلی چوروں کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔چیف ایگزیکٹو آئیسکو نے فیلڈ دفاتر کوہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ بجلی واجبات کی وصولی اور بجلی چوری کی روک تھام کی جاری اس مہم میں کسی قسم کی سستی اور کوتاہی کو ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ صارفین بجلی چوری کی اطلاع آئیسکو ہیلپ لائن نمبر118یا چیف ایگزیکٹو کمپلینٹ اینڈ مانیٹرنگ سیل کے فون نمبر0519352933پر دیں۔