اسلام آباد۔15فروری (اے پی پی):اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) کی اسلام آباد، راولپنڈی، جہلم، اٹک اور چکوال سرکلز میں پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے بجلی چوروں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ بلا تفریق جاری ہے۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر محمدا مجد خان نے کہا کہ آئیسکو کی ڈیٹیکشن ٹیمیں بجلی کے میٹرز کسی بھی دباؤ کے بغیر چیک کر رہی ہیں ، بجلی چوری اور سہولت کاری پر کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ جمعرات کو ترجمان آئیسکو نے بتایا کہ ڈیٹیکشن ٹیموں نے رواں ماہ کے دوران53 ہزار 453 میٹرز چیک کئے جن میں سے 9 میٹرز سلو جبکہ 122 میٹرز سے ڈائریکٹ سپلائی لی جا رہی تھی۔
انہوں نے کہا کہ آئیسکو کے رواں ماہ جاری آپریشن کے دوران متعلقہ صارفین کوبجلی چوری اور سلو میٹرز کی مد میں 90 لاکھ 52 ہزار سے زائد کے جرمانے عائد کئے ہیں جبکہ ایف آئی آرز کے اندراج کے بعد 12 بجلی چور گرفتار کئے گئے ہیں۔
ترجمان آئیسکو نےکہا کہ حکومت کی جانب سے شروع کی گئی کمپین کو 100 فیصد کامیاب بنائیں گے، آپریشن کے دوران آئیسکو ڈیٹیکشن ٹیموں کو ضلعی انتظامیہ اور پولیس کا مکمل تعاون حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ صارفین بجلی چوری کی اطلاع ہیلپ لائن نمبر 118 یا 0519252933 پر دیں۔