آئیسکو کی بجلی چوروں کے خلاف کارروائیاں جاری، اگست میں2کروڑ66لاکھ کے جرمانے، 30بجلی چور گرفتار

121
Crackdown against
Crackdown against

اسلام آباد۔3ستمبر (اے پی پی):اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) کے تمام آپریشن سرکلز میں بجلی چوروں اور انکے سہولت کاروں کے خلاف بھر پور اور بلا تفریق کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔چیف ایگزیکٹو آفیسر آئیسکومحمد نعیم جان نے منگل کوبجلی چوروں کے خلاف کارروائیوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ آئیسکو آپریشن، ایم اینڈ ٹی اور سرویلنس ٹیموں نے اگست2024میں1لاکھ14ہزار سے زائد میٹرز چیک کیے،315افراد کسی نہ کسی طریقے سے بجلی کے غیر قانونی استعمال میں ملوث پائے گئے۔

متعلقہ صارفین کو2کروڑ66لاکھ سے زائد کے جرمانے عائد کئے گئے اور قانونی کارروائی کے دوران30بجلی چور گرفتار کئے گئے۔انہوں نے مجموعی نتائج بتاتے ہوئے کہا کہ ستمبر2023سے جاری آپریشن کے دوران14ہزار سے زائد بجلی چوروں کو68کروڑ88لاکھ کے جرمانے عائد کئے گئے اور1913افراد کو پولیس نے بجلی چوری کے الزام میں گرفتار کیا۔ محمد نعیم جان نے آئیسکو ریجن سے بجلی چوری کے ناسور کو پاک کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ بجلی چور مستحکم معیشت اور خوشحال پاکستان کی راہ میں بڑی رکائوٹ ہیں۔