آئیسکو کے ستمبر سے جاری کریک ڈاؤن کے دوران 24177 ناہندگان سے 38 کروڑ 35 لاکھ واجبات وصول کئے گئے

74

اسلام آباد۔12اکتوبر (اے پی پی):اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) کی اسلام آباد ، راولپنڈی ، اٹک، جہلم ، چکوال میں نادہندگان کے خلاف بجلی واجبات کی وصولی کے لئے بھرپور مہم جاری ہے، ایک ہی دن میں ریجن بھر میں 435 نادہندگان سے 1 کروڑ سے زائد کی ریکوری کی گئی۔

ترجمان آئیسکوراجہ عاصم نذیر کے جمعرات کو جاری بیان کے مطابق بجلی نادہندگان سے واجبات کی وصولی کے لئے آئیسکو ریکوری ٹیمیں مکمل متحرک ہیں اور ستمبر سے جاری کریک ڈاؤن کے دوران 24177 ناہندگان سے 38 کروڑ 35 لاکھ واجبات وصول کیے جا چکے ہیں ۔

اسلام آباد سرکل میں 278 نادہندگان سے 62 لاکھ 31 ہزار روپے کی ریکوری کی گئی ۔انہوں نے کہا کہ آپریشن کے دوران ڈیٹیکشن اور ریکوری ٹیموں کو پولیس کا مکمل تعاون حاصل ہے، صارفین میڑز کٹنے کی زحمت سے بچیں اور بجلی کے بلوں کی بروقت ادائیگی کو یقینی بنائیں۔

ترجمان آئیسکو نے کہا کہ آپریشن کے دوران ڈیٹیکشن اور ریکوری ٹیموں کوحکومت پاکستان وزارت توانائی ، پولیس اور ضلعی انتظامیہ کا مکمل تعاون حاصل ہے۔ انہوں نے صارفین سے درخواست کی کہ وہ اس قومی مہم میں پاکستان اور آئیسکو کا ساتھ دیتے ہوئے کسی کو بجلی چوری کرتے یا اس کی معاونت کرتے ہوئے دیکھیں تو اس کی فوری اطلاع انسداد بجلی چوری ڈائریکٹوریٹ کے انچارج ایڈیشنل منیجر نوید اقبال کے موبائل نمبر 5991304-0319 پر دیں۔

اس کے علاوہ متعلقہ ایس ڈی او آفس ، ہیلپ لائن نمبر 118 یا کمپلینٹ اینڈ مانیٹرنگ سیل آئیسکو اسلام آباد کے نمبر 34-9252933-051 پر بھی بجلی چوری کی اطلاع دی جا سکتی ہے ، اطلاع دینے والے کے کوائف مکمل صیغہ راز میں رکھے جائیں گے۔