آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی یقینی بنانا میری اولین ترجیح ہے ،سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف

49

اسلام آباد۔3جون (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے جمعہ کو اے پی این ایس کے عہدیداران نے ملاقات کی جس میں وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب اور سیکرٹری اطلاعات پیپلز پارٹی فیصل کریم کنڈی بھی موجود تھے ۔ملاقات میں ملک کی موجودہ مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ سپیکر نے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آئین پر عملدرآمد ہر خاص و عام پر لازم ہے۔پی ٹی آئی کے ممبران کے استعفوں کی تصدیق کے لیے مرحلہ وار سلسلہ 6 جون سے شروع ہو گا۔

اسمبلی قواعد و ضوابط کے مطابق استعفوں کی تصدیق ضروری ہے۔آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی یقینی بنانا میری اولین ترجیح ہے۔جمہوریت کا تسلسل ملکی مفاد میں ہے۔جمہوری اداروں کی مضبوطی سے عوام کا اپنے نمائندوں پر اعتماد بحال ہو گا۔

پاکستان مشکل دور سے گزر رہا ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر ملک کو درپیش چیلنجز کا حل نکالنا تمام سیاسی جماعتوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ پاکستان کا مثبت تشخیص اجاگر کرنے میں صحافت کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔

موجودہ پارلیمنٹ میں عوامی مفادات کے موضوعات پر بحث اور قانون سازی کی جا رہی ہے۔ میڈیا اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کے ذریعے عوامی مسائل کو اجاگر کرنے کے لیے اپنا کردار جاری رکھے۔