کوٹ ڈی واغ کو پاکستانی چاول سمیت متعددبرآمدات بڑھانے کے بہت زیادہ امکانات موجود ہیں،صدر مملکت

President Asif Ali Zardari
President Asif Ali Zardari

اسلام آباد۔25مارچ (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے کوٹ ڈی واغ کے ساتھ اقتصادی اور ثقافتی تعلقات بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ کوٹ ڈی واغ کو پاکستانی چاول، طبی و جراحی آلات، ادویات اور کھیلوں کے سامان کی برآمدات بڑھانے کے بہت زیادہ امکانات موجود ہیں۔

ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت کوٹ ڈی واغ (آئیوری کوسٹ )میں پاکستان کے نامزد سفیر محمود اختر محمود سے ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان کے کوٹ ڈی واغ کے ساتھ خوشگوار تعلقات ہیں ، نامزد سفیر آئیوری کوسٹ کے ساتھ تجارتی اور اقتصادی تعلقات آگے بڑھانے کے مواقع تلاش کریں۔

صدر مملکت نےدونوں ممالک کے درمیان دوستی مضبوط بنانے کیلئے ثقافتی تعلقات بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ نامزد سفیر کوٹ ڈی واغ کے ساتھ عوامی روابط فروغ دینے کے امکانات بھی تلاش کریں، وہ کوٹ ڈی واغ کے ساتھ دوطرفہ تعاون مزید بہتر بنانے کیلئے کوششیں کریں۔صدر مملکت نے محمود اختر محمود کو کوٹ ڈی واغ میں بطور پاکستانی سفیر تقرری پر مبارکباد بھی دی ۔