آئیے ہم اپنے بزرگوں کی لازوال خدمات کا اعتراف کریں ، ان کی فلاح و بہبود کے لیے اپنے عزم کو تازہ کریں، سینیٹر اعظم نذیر تارڑ

71

اسلام آباد۔30ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ آج یکم اکتوبر کو جب ہم بزرگ شہریوں کا عالمی دن منا رہے ہیں، تو ہمیں یہ موقع غنیمت جانتے ہوئے اپنے بزرگوں کے حقوق اور وقار کے تحفظ کا عہد دوبارہ دہرانا چاہیے، آئیے ہم اپنے بزرگوں کی لازوال خدمات کا اعتراف کریں اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے اپنے عزم کو تازہ کریں، ہمارے بزرگ شہریوں کا قیمتی تجربہ اور انمول بصیرت نہ صرف ہمارے معاشرے کے لیے اہم ہیں بلکہ اس قوم کو درپیش منفرد چیلنجز کو سمجھنے اور حل کرنے میں بھی بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔

بزرگ شہریوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام وفاقی وزیر نے کہا کہ اس پس منظر میں وزارت انسانی حقوق بھرپور کوشش کر رہی ہے کہ بزرگوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے قانونی ڈھانچے اور سماجی پالیسیوں کو مضبوط بنایا جائے، ہماری کوششوں کا محور بنیادی خدمات تک رسائی، شعور اجاگر کرنے، اور ایک ایسے ماحول کی تخلیق ہے جو بزرگوں کی فعال شرکت کی حوصلہ افزائی کرتا ہو، آج کے پیچیدہ مسائل کو حل کرتے ہوئے ہمیں اس بات کا ادراک ہے کہ ہمارے بزرگ معاشرتی ترقی میں ایک اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

مزید برآں، ان مسائل سے نمٹنے کے لیے حکومت، سول سوسائٹی اور نجی شعبے کے درمیان تعاون ضروری ہے تاکہ ہمارے بزرگ شہری خود کو محفوظ اور قدر یافتہ محسوس کریں۔ یہ ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے کہ ان کی ضروریات کا خیال رکھیں اور انہیں معاشرے کا اہم حصہ سمجھا جائے، آئیے مل کر اپنے بزرگ شہریوں کا احترام کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ انہیں وہ عزت اور دیکھ بھال ملے جس کے وہ حقدار ہیں۔