حکومت نے ایسا بجٹ دیا جو ملک میں 2018 کی طرح کامعاشی استحکام لائے گا،مریم اورنگزیب کی میڈیا سے گفتگو

آئی ایم ایف کی سخت شرائط کے باوجود حکومت نے ایسا بجٹ دیا جو ملک میں اسی طرح کا معاشی استحکام لائے گا جس طرح 2018ء میں تھا، وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کی پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو

اسلام آباد۔10جون (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کی سخت شرائط کے باوجود موجودہ حکومت نے ایسا بجٹ دیا ہے جو ملک میں اسی طرح کا استحکام لائے گا جس طرح 2018ء میں پاکستان معاشی طور پر مستحکم تھا۔

جمعہ کو یہاں پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بجٹ میں زراعت کے شعبہ کے لئے تاریخی اعلانات کئے گئے ہیں، اسے زیرو ٹیکس انڈسٹری قرار دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ زراعت کے شعبہ میں مراعات سے نہ صرف زرعی شعبہ کو تقویت ملے گی بلکہ زرعی پیداوار میں بھی اضافہ ہوگا۔ زرعی آلات پر زیرو کسٹم ڈیوٹی اور سیلز ٹیکس ہوگا، پاکستان کی تاریخ میں زرعی شعبہ کو اس طرح کا ٹیکس استثنیٰ پہلے کبھی نہیں دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری سوچ ہے کہ معاشی استحکام صرف زراعت کے ذریعے آ سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئی ٹی شعبہ میں دی گئی مراعات سے آئی ٹی ایکسپورٹس کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ فوڈ سیکورٹی کے شعبہ میں بھی تاریخی اعلانات کئے گئے ہیں، بجٹ میں نوجوانوں کیلئے خصوصی اقدامات تجویز کئے گئے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ آئی ایم ایف کی سخت شرائط کے باوجود انکم ٹیکس کی حد 6 لاکھ روپے سے بڑھا کر 12 لاکھ روپے کر دی گئی ہے، 12 لاکھ روپے تک آمدن والے افراد کو کسی قسم کا کوئی ٹیکس نہیں دینا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ میں فلم انڈسٹری کے لئے بھی تاریخی اعلانات کئے گئے ہیں، ملک کے نوجوان زیادہ سے زیادہ فلم پروڈکشن کے اندر اپنی ثقافت اور کلچر کو پروموٹ کر سکیں گے، اس اقدام سے نہ صرف پاکستان کے کلچر اور سیاحت کو فروغ ملے گا بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت تشخص بھی بحال ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پہلی مرتبہ فلم انڈسٹری کو مکمل طور پر ٹیکس استثنیٰ دیا گیا ہے، آرٹسٹوں کیلئے پہلی مرتبہ میڈیکل انشورنس متعارف کرائی گئی جبکہ فلم پروڈیوسرز کے لئے مراعات دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 35 سال سے سینما گھر بالکل بند ہو گئے تھے، کئی مشہور سینما گھروں کی جگہ شادی ہال اور پٹرول پمپ بن گئے، ملکی ثقافت اور کلچر کو فروغ دینے کے ذرائع تقریباً ختم ہو گئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ایک نااہل آج بڑے دعویٰ کر رہا ہے کہ ہم شرح نمو پانچ فیصد پر لے کر آئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ایسا بجٹ دیا ہے جو ملک کے اندر معاشی بدحالی کو ختم کر کے معاشی استحکام لائے گا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے آتے ہی پنشن میں 10 فیصد اضافہ کیا تھا اور اس کے اندر مزید 5 فیصد کا اضافہ کیا گیا ہے۔